برازیل کے صدر لوئز ڈی سلوا کا خصوصی انٹرویو

2023/04/15 16:06:56
شیئر:

چند روز قبل برازیل کے صدر لولاڈی سلوا  نے سی ایم جی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران اپنے حالیہ دورہ چین کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کے ساتھ طویل المیعاد اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی امید رکھتے ہیں اور  دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نہ صرف اقتصادی اور تجارتی میدان میں مزیدمضبوط کرنے کی ضرورت ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کو گہرا کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی جامعات کےمابین تعاون کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک کے زیادہ سے زیادہ طلبہ ایک  دوسرے کے ملک میں تعلیم حاصل کر سکیں ۔ 

چین کے جدیدیت کے راستے کے بارے میں صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ چین کے بارے میں سب سے قابل تعریف بات یہ ہے کہ یہاں  اپنے  نظریے اور پارٹی کی تعمیر کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ  ایک تیز رفتار اقتصادی ماڈل تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ  چین کی غیر معمولی کامیابیوں سے بے حد متاثر ہیں ۔ کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالنا کوئی آسان کام نہیں ہے بلکہ یہ کچھ ممالک کے لیے پریشان کن ہے۔ کیونکہ حالیہ صدیوں میں صرف چند ممالک ہی امیر اور مضبوط ہوئے ہیں اور اس دنیا میں ان کی رائے حتمی ہوتی ہے ۔ اب جب کہ چین، بھارت اور برازیل جیسے ترقی پذیر ممالک صنعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کر رہے ہیں، تو وہ ممالک جو خود کو "دنیا کا مالک" سمجھتے ہیں وہ مضطرب ہیں۔  تاہم، ان لوگوں کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ ہم کسی سے برتر نہیں ہونا چاہتے، ہم صرف مساوات چاہتے ہیں. یہی حقیقت ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم چین کے ساتھ شراکت داری قائم کر رہے ہیں۔