مقامی وقت کے مطابق سولہ اپریل کی
دوپہر عرب لیگ نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اپنے صدر دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس
منعقد کیا جس میں سوڈان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ اجلاس مصر
اور سعودی عرب کی درخواست پر بلایا گیا ، جس میں عرب لیگ کے رکن ممالک کے مستقل
نمائندوں نے شرکت کی۔ عرب لیگ میں مصر کے نمائندے نے اجلاس کی صدارت کی ، جس کے بعد
عرب لیگ میں سوڈان کے نمائندے نے سوڈان کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
اجلاس کے بعد
جاری ہونے والے ایک بیان میں عرب لیگ نے سوڈان میں تنازع کے دونوں فریقوں سے اپیل
کی کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں اور پرامن مذاکرات کے ذریعے اپنے اختلافات کو
حل کریں۔ اس کے علاوہ ، عرب لیگ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ سوڈان کے اندرونی
معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ اطلاع کے مطابق اس وقت عرب لیگ نے سوڈان کے
دارالحکومت خرطوم میں عرب سفیروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو جلد از جلد جنگ بندی
کے حصول کے لیے تنازع کے دونوں فریقوں کے ساتھ ثالثی کرے گی۔ادھر عرب لیگ میں
سوڈانی نمائندے کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مکمل طور پر مستحکم کرنے میں کچھ وقت لگے
گا اور سوڈان کسی دوسرے ملک سے فوجی امداد کی درخواست نہیں کرے
گا۔