اقوام متحدہ اور عرب لیگ کی جانب سے عیدالفطر پر سوڈان کے دونوں فریقوں سے جنگ بندی کا مطالبہ

2023/04/21 09:42:57
شیئر:


20 تاریخ کو، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے سوڈان میں تنازعہ کے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کم از کم تین دن کے لیے جنگ بندی کریں تاکہ لوگوں کو تنازعہ کے علاقے سے انخلا کا موقع مل سکے۔ کئی ممالک نے سوڈان میں مسلح تصادم کے فریقین سے فائرنگ کا تبادلہ روکنے اور بات چیت شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
یو اے ای کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسی روز متحدہ عرب امارات کے صدر محمد اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں سربراہان مملکت نے سوڈان میں حالات کو پرسکون کرنے، حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے، متحارب فریقین پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے اور سوڈان کو سیاسی راستے پر واپس لانے کے لیے مسلسل کوششیں کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

ترک صدارتی محل کے پریس بیورو نے مقامی وقت کے مطابق 20 تاریخ کو بتایا کہ ترک صدر ایردوآن نے اسی دن سوڈانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف برہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے سربراہ دگالو سےسوڈان کی موجودہ صورتحال پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس کے علاوہ، عمان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے 20 تاریخ کو سوڈان کی صورت حال پر ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں تنازع کے دونوں فریقوں سے اپنے اختلافات پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا گیا۔
عرب  لیگ کے سیکرٹری جنرل نے بھی سوڈان کی صورتحال پر افریقی یونین کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی ٹیلی کانفرنس میں سوڈان میں تنازعہ کے دونوں فریقوں سے آئندہ عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا  تاکہ شہریوں کو مہلت مل سکے اور وہ اپنی مختلف فوری ضروریات کو پورا کر سکیں۔