سوڈان میں فائربندی کے دوران بھی جنگ جاری، دو ریاستوں میں ہنگامی صورتحال نافذ

2023/04/30 16:17:57
شیئر:


سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ اسپورٹ فورس نے اگرچہ اعلان کیا تھا کہ وہ فائر بندی میں 28 تاریخ سے 72 گھنٹوں کی توسیع کریں گے ، مگر اس کے باوجود 29 تاریخ کو سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں بدستور جنگ جاری رہی۔ سوڈان کی وزارت صحت نے اسی روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماسوائے دارالحکومت خرطوم اور مغربی دارفور کے  ،سوڈان کے دیگر علاقوں میں صورتحال نسبتاً مستحکم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان میں مسلح تصادم میں اب تک کم از کم 528 افراد ہلاک اور 4599 زخمی ہو چکے ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی  کی 29 تاریخ کی ایک رپورٹ کے مطابق، افریقی یونین کے چیئرمین موسی فقی مہمت نے اسی روز کہا کہ افریقی یونین سوڈان میں مسلح تنازع پر ثالثی کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم جانے کے لیے تیار ہیں اور امید  ہے کہ سوڈان میں تنازع کے دونوں فریق اس حوالے سے سازگار حالات پیدا کریں گے۔ سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے واکر پرتھیس نے 29 تاریخ کو کہا کہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ اسپورٹ فورس  دونوں مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور دونوں فریقوں نے مذاکراتی نمائندوں کو نامزد کیا ہے اور وہ سعودی عرب یا جنوبی سوڈان میں مذاکرات کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ تنازع کے دونوں فریق اس بات پر متفق ہیں کہ اس تنازع کو جاری نہیں رہنا چاہیئے۔