ایرانی اداروں نے سعودی عرب میں ابتدائی سرگرمیاں شروع کر دیں

2023/05/02 15:39:12
شیئر:

یکم مئی کو  ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نصیر کنانی نے کہا کہ سعودی عرب میں کچھ ایرانی اداروں نے ابتدائی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور یہ ایران کے سفارتی اداروں کی بحالی کا محض پہلا مرحلہ ہے اور امید ہے کہ یہ ادارے پہلے سے طے شدہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کام شروع کر دیں گے۔ 

کنانی کا کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا نے ایرانی صدر رئیسی کو دورے کی باضابطہ دعوت دی ہے اور ایران نے باضابطہ طور پر اس دعوت کا جواب دے دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب اپنے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے ابتدائی مراحل میں ہیں، انتظامی کام پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ دونوں ممالک کے ادارے مقررہ وقت میں مکمل سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔ کنانی نے یہ بھی کہا کہ ایرانی صدر طے شدہ منصوبے کے مطابق شام کا دورہ کریں گے اور متعدد معاہدوں پر اتفاق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شام تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور ایران شامی حکومت اور عوام کی معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی جیسے مختلف شعبوں میں مدد جاری رکھے گا۔