ایرانی صدر کا شام کا دورہ

2023/05/04 10:39:55
شیئر:

 شام کے صدر بشار الاسد نے3 تاریخ کو شام کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے بات چیت کی۔ 2011 میں شامی بحران کے آغاز کے بعد کسی ایرانی صدر کا شام کا یہ پہلا دورہ ہے۔ شامی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی اور ایرانی صدور کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں فریقین نے تیل اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے۔

چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ انٹرویوز میں شامی عوام کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی صدر کے کامیاب دورے کے منتظر ہیں۔ خاص طور پر شام اور ایران طویل عرصے سے امریکہ کی جانب سے غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کا شکار رہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون امریکہ کی بالادستی کو توڑ سکتا ہے اور پابندیوں کے اثرات کو کم کر سکتا ہے۔
چونکہ چین نے بیجنگ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات اور سفارتی تعلقات کی بحالی میں کامیابی کے ساتھ سہولت فراہم کی ہے ، اب "جنگ بندی"، "سفارتی تعلقات کی بحالی"، "مفاہمت" اور "ترقی" مشرق وسطی میں مقبول الفاظ بن گئے ہیں۔ دنیا کی جغرافیائی سیاست کے پیچیدہ ترین خطوں میں سے ایک ہونے کے ناطے مشرق وسطیٰ کے بہت سے ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور ان میں نرمی نہ صرف اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مشرق وسطیٰ کا پیٹرن گہری تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور امن کی تلاش اور اتحاد کو فروغ دینا خطے کے ممالک کا عمومی اتفاق رائے بن چکا ہے بلکہ یہ مشرق وسطیٰ میں امریکی بالادستی کے بتدریج زوال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔