چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھین گانگ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت

2023/05/05 18:40:28
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق5 مئی کو  چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھین گانگ نے بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو متعدد بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کو بین الاقوامی اور علاقائی امور میں ایک اہم تعمیری قوت کی حیثیت سے "شنگھائی اسپرٹ" کو مضبوطی سے آگے بڑھاتے ہوئے  ایس سی او کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کرنی چاہئے۔
اس حوالے سے چھین گانگ نے پانچ تجاویز پیش کیں۔ پہلا، ہمیں اسٹریٹجک خودمختاری پر عمل کرنا ہوگا اور اتحاد اور باہمی اعتماد کو مضبوط  بناتے ہوئے علاقائی معاملات میں بیرونی قوتوں کی مداخلت کی مخالفت کرنی ہوگی۔ دوسرا، ہمیں سکیورٹی تعاون کو بڑھاتے ہوئے  "مشرقی ترکستان سمیت دہشت گردی، علیحدگی پسندی اورانتہاپسندی پر کاری ضرب لگانا ہوگی۔ ہمیں  منشیات کی اسمگلنگ اور بین الاقوامی منظم جرائم  کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنا چاہیے اور ایک وسیع اور جامع سیاسی فریم ورک کی تعمیر میں افغانستان کی حمایت کرنی چاہیے ۔تیسرا، ہمیں مشترکہ ترقی کو فروغ دیتے ہوئے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظام اور مارکیٹ کے قوانین کو کمزور کرنے والے کسی بھی طرز عمل کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیئے۔ چوتھا، ہمیں  انصاف کی پاسداری کرتے ہوئے بین الاقوامی نظام کی ترقی کو زیادہ منصفانہ اور معقول سمت میں فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ پانچواں، میکانزم کی تعمیر کو مضبوط بنانا ضروری ہے. ایران اور بیلاروس کی شمولیت کا عمل منظم انداز میں مکمل کیا جائے گا اور شنگھائی تعاون تنظیم کو صورتحال کی تبدیلیوں کےمطابق ترقی دینی ہوگی۔
شرکاء اجلاس نے علاقائی سلامتی اور ترقی کے لئے ایک اہم علاقائی تعاون پلیٹ فارم کے طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے کردار کو سراہا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہےکہ شنگھائی تعاون تنظیم سیکریٹریٹ اور انسداد دہشت گردی کے علاقائی اداروں کی تعمیر  کو مضبوط بنایا جائے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی توسیع کے عمل کو منظم طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔
اجلاس میں آئندہ موسم گرما میں  نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لیے جامع تیاریاں بھی کی گئیں۔