امریکہ آبنائے تائیوان میں کشیدگی کے عوامل پیدا کرنا بند کرے۔ چینی وزارت خارجہ

2023/05/05 16:55:53
شیئر:

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے 5 مئی کو  پریس کانفرنس میں ایک بار پھر امریکہ پر زور دیا کہ وہ ایک چین کے اصول اور  چین اور امریکہ کے درمیان تین مشترکہ اعلامیوں  کی پاسداری کرے، تائیوان کو اسلحے کی فروخت اور امریکہ تائیوان فوجی تعلقات کو روکے اور آبنائے تائیوان میں کشیدگی کے عوامل پیدا کرنا بند کرے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی دفاعی صنعت کے وفد کے سربراہ اور یو ایس پیسیفک میرین کور کے سابق کمانڈر روڈل نے حال ہی میں "یو ایس تائیوان ڈیفنس انڈسٹری کوآپریشن فورم" میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دفاعی ادارے تائیوان کی ڈیٹرنس بڑھانے کے لیے تائیوان کے دفاعی منصوبے میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ 
اس حوالے سے ماؤ نینگ نے نشاندہی کی کہ  تائیوان کو امریکی اسلحے کی فروخت ایک چین کے اصول اور چین اور امریکہ کے درمیان تین مشترکہ اعلامیوں، بالخصوص "17 اگست" اعلامیے کی شقوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور چین نے ہمیشہ ان کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ  امریکہ تائیوان کو "اسلحے کے گودام" میں تبدیل کر رہا ہے اور اس کے نقصانات  تائیوان کے ہم وطنوں ہی کو پہنچیں گے۔ چین اپنی خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کے دفاع کے لئے ٹھوس اور مضبوط اقدامات اٹھائے گا۔ کوئی بھی بیرونی طاقت جو چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتی ہے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچاتی ہے وہ اپنے غلط اقدامات کی ذمہ داری اٹھائےگی اور بھاری قیمت ادا کرے گی۔