" یوم مئی "کی تعطیلات پر کھپت کا جوش و خروش، چینی معیشت کی بحالی کا عکاس

2023/05/05 16:01:24
شیئر:

کہا جاتا ہے کہ تعطیلات کی کھپت چین کی معاشی طاقت کا مشاہدہ کرنے کے لئے ایک اہم کھڑکی کی طرح ہے، تو جانتے ہیں کہ چین نے اس سال  "یوم  مئی "کی تعطیلات کے دوران دنیا  کے لئے کیا پیغام بھیجا ہے ؟

سب سے پہلے،  ہم نے ان تعطیلات  کے دوران  چینی لوگوں کی  سیر و سیاحت کا مضبوط رجحان دیکھا ہے .اس  دوران چینی سیاحوں کے سفر کی کل تعداد 274 ملین رہی، یعنی تقریباً  ہر پانچ میں سے ایک چینی نے" یوم مئی "پر سیر و سیاحت کے لیے دوسرے علاقوں کا رخ کیا ۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے اندازے کے مطابق "یوم مئی "کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں ریلوے، شاہراہوں، آبی گزرگاہوں اور سول ایوی ایشن سے 27 کروڑ سے زائد مسافروں نے سفر کیا،  یعنی اوسطاً روزانہ 5کروڑ 40 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا،  جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 162.9 فیصد زیادہ ہے۔

دوسرا، کھپت کے لئے ہر کسی کا جوش و خروش بہت زیادہ رہا۔ وزارت ثقافت اور سیاحت کے ڈیٹا سینٹر کے مطابق  "یوم مئی " کی  تعطیلات کے دوران ،  ملک بھر  کی سیاحت کی آمدنی 148 بلین یوآن تک پہنچ گئی ،  جس میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 128.9 فیصد  کا اضافہ ہوا  ، اس کے علاوہ چینی شہریوں کے بیرون ملک سفر   کی تعداد میں بھی تقریبا 7 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا  ۔ان تعطیلات میں سیاحتی مارکیٹ کی مقبولیت نے کیٹرنگ اور دیگر لائف سروسز  کو بھی متحرک کر دیا ، چین بھر کے مختلف علاقوں کے ریستوران سیاحوں سے کھچا کھچ بھرے رہے اور کھانے کے لیے بیٹھنے کی جگہ تلاش کرنا مشکل رہا۔  سیاحوں کی جانب سے ویب سائٹ پر بھیجی گئی تصاویر سے دیکھا جا سکتا ہےکہ نہ صرف ریسٹورنٹ کی نشستیں بلکہ ان  کے باہر عارضی طور پر  رکھی گئی جگہ بھی کھانے والوں سے بھری ہوئی ہے، اور بے شمار  افراد نشستوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ بلاشبہ، تعطیلات کی سیاحت کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ نے  آمدورفت ، کیٹرنگ، ہوٹلز ، ثقافتی عجائب گھروں، تفریحی مقامات اور دیگر صنعتوں کی تیز   بحالی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ،  دوسرے مقامات پر جانے والے مسافروں نے بھی کھپت میں اضافہ کیا ہے، بلکہ  اپنے گھروں میں آرام کرنے والوں نے بھی اس میں حصہ ڈالا ہے.معروف چینی سروس اور ریٹیل انٹرنیٹ کمپنی میٹوان کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تعطیلات کے  پہلے تین دنوں میں ، ملک بھر  میں لائف سروسز کے اوسط یومیہ کھپت کے پیمانے میں 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 133فیصد  کا اضافہ ہوا ،  جو  گزشتہ پانچ سالوں میں ایک نیا ریکارڈ ہے ۔ میٹوان  کمپنی کا موٹو ہے "سب کو بہترین کھانے اور بہتر زندگی گزارنے میں مدد کریں"۔   شہریوں کی مضبوط کھپت  نے بھی گھریلو صارفین کی مارکیٹ کی مضبوط قوت کی عکاسی کی ہے ، جو چین کی اقتصادی ترقی کی مضبوط محرک قوت کو ظاہر کرتی ہے اور دنیا کو ایک مثبت سگنل مہیا کرتی ہے.

ان تعطیلات کی معاشی بہتری چین کے بھرپور مثبت رجحان کو ظاہر کر رہی ہے اور اس سے پیدا ہونے والے   اثرات نے سیاحت کی صنعت اور یہاں تک کہ مختلف ممالک میں عالمی معاشی بحالی میں مزید اعتماد کا اضافہ کیا ہے۔ یہ ایک اتفاق رائے بن گیا ہے کہ  چین کی معیشت کی مضبوط قوت عالمی معیشت کی بحالی کے لئے ایک بڑا فائدہ فراہم کر رہی ہے،  جیسا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے حال ہی میں  جاری کردہ "ایشیا پیسفک اکنامک آؤٹ لک رپورٹ"  میں بتایا ہے کہ چین کی معیشت کی مضبوط بحالی نے ایشیا بحر الکاہل اور عالمی معیشتوں کے لئے زبردست حوصلہ افزائی فراہم کی ہے اور توقع ہے کہ چین کی معاشی ترقی کی شرح  رواں سال 5.2 فیصد تک پہنچ جائے گی اور عالمی معاشی ترقی میں اس کا حصہ 34.9 فیصد تک پہنچ جائے گا ۔

رواں سال "یوم مئی" کی تعطیلات کے دوران، پورے  ملک میں کیٹرنگ کی کھپت کا پیمانہ وبا سے پہلے کی سطح سے کہیں زیادہ تھا، جسے "تاریخ کا سب سے خوشحال یوم مئی"  قرار  دیا جاسکتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ "یوم مئی" کی تعطیلات سے شروع ہونے والا کھپت کا جوش و خروش پورے سال کھپت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے گھریلو طلب کو مزید بڑھانے، کھپت کی صلاحیت کو فروغ دینے اور گھریلو معیشت کو مستقل طور پر ترقی دینے میں مدد ملے گی. چین کی متحرک معیشت عالمی معیشت کی بحالی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرتی رہے گی۔