سوڈانی تنازع کے دونوں فریقوں کے درمیان سعودی عرب میں مذاکرات

2023/05/08 10:26:07
شیئر:

سعودی وزارت خارجہ نے 8 مئی کو  ایک بیان جاری کیا جس میں جدہ شہر میں سوڈانی تنازع کے دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بیان کے مطابق سوڈانی تنازع کے فریقین نے مذاکرات کے دوران اس بات کا اظہار کیا کہ وہ سوڈانی عوام کے مصائب کو کم کرنے کی ذمہ داری قبول کریں گے اور ہنگامی انسانی امداد اور بنیادی سماجی خدمات کی بحالی کے لئے سیکورٹی گارنٹی فراہم کریں گے۔ دونوں فریقوں نے سوڈان میں شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کے کاموں کا احترام کرنے کا بھی عہد کیا ہے۔

بیان میں مذاکرات کے دوران فریقین کی جانب سے دکھائے گئے تعمیری رویے اور باہمی احترام کا خیر مقدم کیا گیا اور دونوں فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی کا احترام کریں، اب تک سامنے آنے والے اتفاق رائے کی روشنی میں تمام اشتعال انگیز کارروائیوں کو روکیں اور مذاکرات کے لیے مثبت ماحول پیدا کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ چھ مئی سے شروع ہونے والے مذاکرات اگلے چند دنوں تک جاری رہیں گے، توقع ہے کہ دونوں فریق بالآخر ایک مؤثر قلیل مدتی "جنگ بندی معاہدہ" تک پہنچ سکتے ہیں ۔