عرب لیگ کا شام کی رکنیت کی بحالی پر اتفاق

2023/05/08 10:27:47
شیئر:


عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس نے سات تاریخ کو قرارداد کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے شام کی عرب لیگ کے لیے رکنیت کی بحالی پر اتفاق کیا اور اسی دن سے شامی حکومت کے وفد کی عرب لیگ کی کونسل سمیت تمام تنظیموں اور اداروں کے اجلاس میں شرکت کی اہلیت کو بحال کر دیا گیا۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ عرب لیگ میں شام کی واپسی شامی مسئلے کے حل کا  آغاز ہے اور آئندہ مزید چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ عرب لیگ شامی مسئلے کے جامع حل کے لیے کثیرالجہتی کمیٹی قائم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے شامی مسئلے کونظرانداز نہیں کیا جانا چاہیئے۔ 
عرب لیگ کا سربراہی اجلاس انیس مئی کو ریاض میں منعقد ہوگا اور شام میں پرامن مفاہمت سے متعلقہ موضوع پر توجہ مرکوز  کی جائے گی۔ احمد ابو الغیط  نے سات تاریخ کو کہا کہ شامی صدر بشار الاسد اس سمٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔
عرب لیگ کا قیام سال 1945 میں عمل میں لایا گیا تھا جس کے بائیس رکن ممالک ہیں اور تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے مابین تعاون کو مضبوط بنانا،مختلف ممالک کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سالمیت کا مشترکہ تحفظ کرنا اور وسیع پیمانے پرمعاشی و ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔