امریکہ میں ہفتہ وار تعطیلات کے دوران گن وائلنس کے باعث درجنوں افراد ہلاک اور زخمی

2023/05/15 10:27:14
شیئر:

گزشتہ ویکنڈ پر  امریکہ میں فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ، جن میں ایک نابالغ سمیت 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ۔

13 تاریخ کی سہ پہر کو امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک ٹرین سٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک 14 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا۔ اسی دن  ریاست نیویارک کے شہر البانی میں حجام کی ایک دکان میں فائرنگ سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور 9 سالہ بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
13 تاریخ کی شام کو، ریاست کینٹکی کے شہر لوئس ویل کے مرکز  میں فائرنگ کے واقعے میں  ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ اسی دن شام کو امریکہ کی ریاست ایریزونا کے شہر یوما کے ایک رہائشی علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ 14 تاریخ کو  ریاست  نیو میکسیکو کے شہر البکورک میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
اس کے علاوہ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شکاگو میں 12 سے 14 تاریخ کی شام تک فائرنگ کے دس سے زائد واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 5 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔
امریکی ویب سائٹ 'گن وائلنس آرکائیو' کے اعداد و شمار کے مطابق ،  رواں برس 14 مئی تک امریکہ میں فائرنگ سے متعلق واقعات میں 15 ہزار 544 افراد ہلاک اور 12 ہزار 447 زخمی ہوئے ہیں۔