جی سیون کا روس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان

2023/05/20 16:49:23
شیئر:


۱۹ مئی کو  ہیروشیما سربراہی اجلاس کے دوران جی سیون رہنماوں نے ایک بیان جاری کیا، جس میں روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جی سیون اپنے دائرہ اختیار میں ،روس کو اہم فوجی سامان کی تمام برآمدات کو محدود کرے گا۔
جی سیون پابندیوں میں توسیع کرے گا جس میں مینوفیکچرنگ، تعمیرات، نقل و حمل، تجارت اور دیگر شعبے شامل ہوں گے اور ان اداروں کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں گے جو روس کو فرنٹ لائن پر رسد پہنچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ جی سیون بین الاقوامی مالیاتی نظام میں روس کو مزید محدود کرے گا اور برآمدی پابندی اور تیل کی قیمتوں کی حد جیسے اقدامات سے روس کی توانائی کی آمدنی کو محدود کرے گا نیز روسی ہیروں کی برآمد پر بھی پابندیاں عائد کرے گا۔
 اس سےقبل روسی صدر کے پریس سیکریٹری دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ روس کے خلاف نئی پابندیاں یقینی طور پر عالمی معیشت کو متاثر کریں گی اور عالمی معاشی بحران کے خطرے میں اضافہ کریں گی۔