چینی سرمایہ کاروں کے ایک بڑے وفد نے پاکستان کی چوتھی بین الاقوامی ٹیکسٹائل نمائش میں بھرپور شرکت کی ہے ۔پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام چوتھی بین الاقوامی ٹیکسٹائل نمائش کا انعقاد 26 مئی سے 28 مئی تک کراچی میں کیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل نمائش میں 60 ممالک کے 400 سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں جبکہ تقریباً 100 چینی کاروباری ادارے بھی ایکسپو میں شریک ہیں۔ چین کے شہر گوانگ جو میں پاکستانی قونصل خانے کے کمرشل کونسلر محمد عرفان نے کہا کہ یہ تقریب ایک بہت بڑی کامیابی ہے، جس میں پاکستانی اور چینی دونوں کاروباری ادارے نئے مواقع اور شراکت داری کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ چینی وفد خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر پاکستان کی صلاحیت سے بہت متاثر ہوا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔