روس کا نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن دھماکے کی کھلی اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا دوبارہ مطالبہ

2023/06/09 11:03:29
شیئر:

واشنگٹن پوسٹ نے  چھ تاریخ کو  انکشاف کیا کہ یورپی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معلومات کے مطابق امریکہ کے پاس "نورڈ اسٹریم" گیس پائپ لائن دھماکے سے 3 ماہ قبل متعلقہ منصوبے کے بارے میں معلومات موصول ہوئیں ۔اس رپورٹ کے تناظر  میں روسی صدارتی پریس سیکریٹری دمتری پیسکوف نے 8 تاریخ کو کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک ٹارگٹڈ تخریب کاری کی کارروائی ہے اور ہم نے کہا تھا  کہ ہمارے پاس ایسی معلومات ہیں جو امریکہ اور برطانیہ کے اس میں ملوث ہونے کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  نارڈ اسٹریم پائپ لائن کی تباہی کی تفصیلات کھلی اور شفاف تحقیقات میں سامنے آنی چاہیے لیکن اب تک کی گئی تحقیقات میں روس کو شرکت کی اجازت نہیں ملی۔
یاد رہے کہ پچھلے سال  26 ستمبر کو بحیرہ بالٹک کے ذریعے روس سے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک تک قدرتی گیس پہنچانے والی دو نارڈ اسٹریم پائپ لائنیوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا،  جس سے بڑی مقدار میں قدرتی گیس کا اخراج ہوا۔ کچھ دن بعد ڈنمارک، سویڈن اور جرمنی نے الگ الگ  تحقیقات کا آغاز کیا۔ روس نے بارہا مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے لیکن متعلقہ ممالک نے رضامندی ظاہر نہیں کی۔