فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کے سمندر میں اخراج کے خلاف جنوبی کوریا میں ہزاروں کی ریلی

2023/06/25 10:48:54
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق، چوبیس جون کو  جنوبی کوریا کے ہزاروں افراد نے سیول میں  جاپان کی جانب سے فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کے سمندر میں اخراج کے خلاف  ایک بڑی ر یلی نکالی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنوبی کوریا کی حکومت سمندر کے قانون سے متعلق بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دائر کرے، جبکہ جاپانی حکومت پر زور دیا گیا  کہ وہ جوہری آلودہ پانی کو  محفوظ رکھنے کے لیے  زمین پر مزید تنصیبات تعمیر کرے۔
سیول میٹروپولیٹن حکومت کے دفتر کے قریب ریلی کا اہتمام کرنے والے نمائندوں نے کہاکہ جنوبی کوریا سمیت بیرونی ممالک میں  جوہری آلودہ پانی کی کوالٹی کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں. جاپان کے آلودہ پانی کا سمندر میں اخراج کم از کم 30 سال تک جاری رہے گا اور آلودہ پانی کے ملٹی نیوکلائڈ ٹریٹمنٹ سسٹم کی خامیوں کا انکشاف بھی  ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کے  ثبوت موجود ہیں کہ جوہری آلودہ پانی کے سمندر میں  اخراج سے  ماحول پر منفی  اثرات مرتب ہوں گے جو پریشان کن ہیں.
جنوبی کوریا کے  ماہی گیروں کی قومی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لی کی سان نے کہا  کہ جزیرہ وانڈو میں مقیم ماہی گیروں نے سمندری مظاہرہ کیا اور مجھے امید ہے کہ پوری قوم اس معاملے میں متحد ہو کر کام کر ےگی۔ کوریا ڈیموکریٹک لیبر فیڈریشن کے چیئرمین یانگ کیونگ سو نے کہا کہ جاپان  کا یہ اقدام پیسے بچانے کے لیے ہے لیکن اگر جاپان جوہری آلودہ پانی زمین پر محفوظ رکھنے  کے لیے  زیادہ ذخائر بنائےتو اس مسئلے سے نمٹنے میں تمام لوگوں کے لئے ایک محفوظ  اور قابل اعتماد راستہ مل سکتا ہے۔ ریلی کے شرکا نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جنوبی کوریا کی حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرے، جاپان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر غور کرے اور جاپانی حکومت سے مطالبہ کرے کہ وہ جوہری آلودہ پانی سے نمٹنے کے لیے محفوظ طریقے تلاش کرے ناکہ اسے سمندر میں  چھوڑے۔