سوڈانی تنازعہ کے دونوں فریقوں کی جانب سے عارضی جنگ بندی کا اعلان

2023/06/28 10:57:21
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق 27 تاریخ کی شام، سوڈانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف عبدالفتح البرہان نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا  گیا  ہے کہ سوڈانی مسلح افواج 28 تاریخ کو یکطرفہ عارضی جنگ بندی پر عمل درآمد کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوڈانی مسلح افواج ریاستی اقتدار ایک منتخب حکومت کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔ قبل ازیں مقامی وقت کے مطابق 26 تاریخ کی شام کو ریپڈ سپورٹ فورسز کے رہنما جنرل محمد حمدان دقلو نے رواں ماہ کی 27 سے 28 تاریخ تک یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

تاہم سوڈان کے دارالحکومت خرطوم ، شمالی خرطوم اور اومدرمان کے ساتھ ساتھ دارفور اور دیگر مقامات کے گردونواح میں لڑائی بدستور جاری ہیں اور انسانی بحران دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
سوڈان میں 27 جون سے یکم جولائی تک عید الاضحی کی چھٹیاں ہیں۔ تاہم، تنازعات کے سائے میں، دارالحکومت میں تہوار کا ماحول نہیں ہے، سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کی تعداد کم ہے، اور زیادہ تر دکانیں ابھی تک بند ہیں۔ مقامی باشندے نہ صرف جنگ سے متاثر ہونے سے پریشان ہیں بلکہ انہیں خوراک کی کمی، پانی اور بجلی کی بندش اور طبی امداد کی کمی جیسی کئی روزمرہ مشکلات کا  سامنا ہے۔