وینزویلا کی اپنے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت کی شدید مخالفت

2023/07/02 16:28:08
شیئر:

وینزویلا کے 2024 کے عام انتخابات سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی تنقید کے جواب میں، وینزویلا کی وزارت خارجہ نے یکم جولائی کو  ایک بیان میں واضح کیا کہ امریکی اقدامات وینزویلا کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، اور وینزویلا کی حکومت اس کی سختی سے مخالفت کرتی ہے۔ وینزویلا ایک خودمختار اور آزاد ملک ہے اور امریکہ کو وینزویلا کے سیاسی امور پر تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وینزویلا کے جمہوری انتخابات کے حوالے سے دیگر ممالک کو غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کی ضرورت نہیں ہے، خاص طور پر امریکہ جیسے ملک کو کوئی حق نہیں ہے جس میں براہ راست جمہوریت نہیں ہے، عوامی  شمولیت پر سخت پابندیاں ہیں، سیاست پر پیسے کا گہرا اثر و رسوخ اور سنگین ادارہ جاتی نسلی امتیاز موجود ہے۔امریکہ کو دوسرے ممالک کی انتخابی ایجنسیوں کے قانونی اقدامات کے بارے میں بیان دینے سے قبل اپنے انتخابی نظام کی خامیوں کو بروقت درست کرنا چاہیئے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے"منرو ڈوکٹرین" کے تحت دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کرنا اور غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کا استعمال کر کے دوسرے ممالک کو دھمکیاں دینا اور بلیک میل کرنا  وینزویلا کے عوام کو خوفزدہ نہیں کر سکتا۔