چین کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کی قومی اسمبلی کے معزز رکن ڈاکٹر نثار احمد چیمہ جوکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی سائنس اور ٹیکنالوجی کمیٹی کے رکن اور نیشنل ہیلتھ سروس ریگولیٹری کوآرڈینیشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں نے چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کی ایک تاریخی اہمیت ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل دور میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
چین نے پاکستانی کی معاشی مشکلات کے حل میں بھرپور تعاون اور مدد کی ہے۔ سی پیک کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے جناب نثار احمد چیمہ نے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے کی وجہ سے پاکستان میں لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب آئے ہیں۔ پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں میں شاندار ترقی ہوئی ہے ۔ بیلٹ اینڈ روڈ کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں یہ منصوبہ پاکستان کے ساتھ ساتھ اقوام عالم کے لیے بہترین تحفہ ہے۔
چین کی جانب سے بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کے قیام کے تصور کے حوالے سے معزز مہمان نے کہا کہ چین نے ہمیشہ دنیا خاص طور پر و پڑوسی ممالک کے استحکام و ترقی کو بہت اہمیت دی ہے۔ انہوں نے افغان مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مغرب افغان قوم کو تنہا چھوڑ گیا چین نے ایک بڑے بھائی کے طور پر آگے بڑھ کر صورت حال کو سنبھالا اور خطے میں سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر چیمہ کا کہنا تھا کہ ان تبادلوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تفہیم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے چین میں زیرتعلیم پاکستانی طلبا کی بڑی تعداد کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے مستقبل کی آبیاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط سفارتی ، دوستانہ اور عوامی تعلقات خطے کے استحکام و ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
جناب نثار احمد چیمہ نے کہا چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے سو برس قبل چین کے عروج کی نوید ان الفاظ میں سنائی تھی، "گراں خواب چینی سنبھلنے لگے ہیں ہمالہ کے چشمے ابلنے لگے ہیں" ۔ ان کاکہنا تھا بطور دوست ہم چین کی ترقی اور کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں۔
ڈاکٹر چیمہ نے صدر شی جن پھنگ کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کا انداز حکمرانی ترقی پذیرممالک کی قیادتوں کے لیے رہنمائی کا باعث ہے۔ جناب شی کی قیادت میں عوامی جمہوریہ چین جدیدیت کی ایک نئی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔
جناب نثار احمد چیمہ نے چین کی خارجہ پالیسی کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی کی یہ خوبی ہے کہ چین تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر عزت و احترام کے تعلقات قائم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا چین ہمیشہ کمزور ممالک کی آواز کو طاقتور اور توانا بناتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور تمام مسلم ممالک چین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور چین کے ہم آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امور تائیوان سمیت تمام امور پر چین کی مؤقف کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہیں۔
ڈاکٹر چیمہ نے چین پاک تعلقات کے روشن مسقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔