کیوں امریکہ کو کسنجر انداز کی سفارتی دانش مندی کی ضرورت ہے؟

2023/07/21 10:27:04
شیئر:

20 جولائی کو چینی صدر شی جن پھنگ نےبیجنگ میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر سے ملاقات کی۔ شی جن پھنگ  نے صد سالہ  کسنجر  کو "پرانا دوست" قرار دیا اور چین امریکہ تعلقات کی ترقی اور چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی کو بڑھانے میں ان کے تاریخی کردار کو سراہا۔ کسنجر نے کہا کہ امریکہ چین تعلقات  نہ صرف امریکہ اور چین بلکہ دنیا کے امن اور خوشحالی کے لئے نہایت اہم ہیں اور اسی لیے  وہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی مفاہمت کو بڑھانے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ 
امریکی سیاسی حلقوں میں کسنجر ، چین کے ساتھ مکالمے اور روابط رکھنے اورتنازعات کو  مناسب طریقے سے حل کرنے کی وکالت کرنے والی عملی قوت کے نمائندے ہیں۔ یہ قوت حقیقی معنوں میں امریکی مفادات کے تحفظ کے  لئے ایک عقلی اور تعمیری چین پالیسی تشکیل دے سکتی ہے۔ امریکہ میں کچھ پولیٹیشنز کا یہ خیال ہے کہ  چین کا ترقیاتی راستہ، سیاسی نظام اور اقدار امریکہ سے بالکل مختلف ہیں، لہذا یہ چین کو دبا ؤ میں لینےکی بنیاد  ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان یہ فرق کوئی نئی چیز نہیں ۔ سرد جنگ کے عروج  کے زمانے میں بھی  چین اور امریکہ، باہمی تعلقات کو معمول پر لانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ دونوں ممالک کے سربراہان سمجھتے تھے کہ دشمنوں کو دوست بنانا نہ صرف ایک دوسرے کے لیے بلکہ دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ آج 52 سال بعد بھی اس منطق میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان، تعاون سے فائدہ اور لڑائی سے نقصان پہنچتا ہے اور  چین مریکہ تعاون عالمی امن اور استحکام کے لیے سازگار ہے۔امریکہ کے لئے چین کی پالیسی میں تسلسل برقرار رہا ہے۔ چین کے صدر شی جن پھنگ بارہا اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ چین امریکہ تعلقات کی مستحکم ترقی  کی کلید باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی تعاون کے تین اصولوں پر عمل کرنا ہے۔ یہ نہ صرف چین امریکہ تعلقات کے ماضی کے تجربات کا نچوڑ ہے بلکہ نئے دور میں چین امریکہ تعلقات کی ترقی کا درست راستہ بھی ہے۔ 
مسٹر کسنجر بخوبی جانتے ہیں کہ تائیوان کا مسئلہ چین امریکہ تعلقات میں سب سے اہم  ،مرکزی اور حساس مسئلہ ہے۔  اپنے حالیہ  دورہ چین کے دوران انہوں نے صدر شی سے کہا کہ امریکہ کو  "شنگھائی اعلامیہ" میں طے شدہ اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے یہ سمجھنا چاہیئے کہ ایک چین کا اصول چین کے لئے نہایت اہم  ہے ۔  صد سالہ امریکی سیاستدان ہنری کسنجر کی  اس تجویز پر  ان امریکی  پولیٹیشنز  کو  دھیان دینے کی ضرورت ہے جو   تائیوان  کے معاملے میں مسلسل "آگ سے کھیل رہے ہیں۔