19 جولائی کو ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اور چین کی ریاستی کونسل کی جانب سے نجی معیشت کی ترقی و وسعت کو فروغ دینے کی گائیڈلائینز نامی دستاویز کاپورا متن جاری کیا گیا۔ دسمبر 2019 میں "نجی کاروباری اداروں کی اصلاحات و ترقی کی حمایت کے لئے بہتر ترقیاتی ماحول پیدا کرنے کی رائے"نامی دستاویز کے اجرا کے بعد ، چین کی نجی معیشت کے لئے یہ ایک اور اہم اور سازگار پالیسی ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کی نجی معیشت کو اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے نئے مواقع ملے ہیں۔
1978 میں اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی پرنفاذ کے بعد سے ، چین نےبتدریج غیر سرکاری معیشت کو ترقی دی اور چین کی نجی معیشت چھوٹی سے بڑی اور کمزور سے مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ اس وقت ، چین کی نجی معیشت ملک کی ٹیکس آمدنی میں 50فیصد سے زیادہ ، جی ڈی پی کا 60فیصد سے زیادہ ، تکنیکی تخلیقات کی کامیابیوں میں 70فیصد سے زیادہ ، شہری روزگار میں 80فیصد سے زیادہ اور کاروباری اداروں کا 90فیصد سے زیادہ حصہ فراہم کرتی ہے۔ دنیا کے سرفہرست 500 کاروباری اداروں میں ، چین کے نجی کاروباری اداروں کی تعداد جو 2010 میں 1 تھی 2022 میں بڑھ کر 50 ہوگئی ہے۔ نجی معیشت نے چین کی سوشلسٹ مارکیٹ معیشت کی ترقی، حکومتی افعال کی تبدیلی، دیہی علاقوں میں افرادی قوت کی منتقلی اور بین الاقوامی مارکیٹوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے.
دستاویز نے نجی معیشت کی "نئی" پوزیشن مقرر کی ہے. دستاویز کے آغاز میں نشاندہی کی گئی ہے کہ " "نجی معیشت چینی طرز کی جدیدیت کو فروغ دینے کے لئے طاقتور قوت ہے، اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے اہم بنیاد ہے، اور چین کو ہمہ گیر طور پر ایک جدید سوشلسٹ طاقتور ملک بنانے اور دوسرے صد سالہ مقاصد کی تکمیل کے لئے اہم قوت ہے." 2019 کی دستاویز میں "اہم اجزاء" کے لفظ سے لے کر اس بار"طاقتور قوت"، "اہم بنیاد" اور "اہم قوت" جئسے الفاظ تک اور نجی معیشت کی "صحت مند ترقی" کی حوصلہ افزائی سے لے کر نجی کاروباری اداروں کی "ترقی و وسعت" کو فروغ دینے تک جیسے الفاظ اور تبدیلیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین کی حکمران پارٹی، حکومت اور تمام سماجی حلقوں میں نجی معیشت کی اہمیت پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتاہے.
دستاویز کا اجراء نہ صرف قلیل مدتی ضروریات کے لئے ہے بلکہ اہم بات یہ ہے کہ اس میں دوراندیشی بھی عیاں ہے.
قلیل مدت میں چین کی معاشی بحالی کا رجحان نمایاں ہے، لیکن اسے ناکافی طلب اور اعتماد کے ساتھ ساتھ کمزور توقعات سمیت دیگر دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ کھپت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دے کر بحالی کے رجحان کو مستحکم کیا جائے اور سالانہ معاشی اہداف کے حصول کے لئے مزید ٹھوس بنیاد ڈالی جائے. طویل مدت میں، چین کے نجی کاروباری ادارے نہ صرف سرمایہ کاری میں بلکہ روزگار اور ٹیکس آمدنی پیدا کرنے میں بھی ناقابل تلافی کردار ادا کرتے ہیں. موجودہ پیچیدہ بین الاقوامی تناظر میں، نجی کاروباری ادارے جغرافیائی سیاسی ترتیب نو اور ڈی کپلنگ جیسے چیلنجوں سے نمٹنے میں زیادہ لچکدار اور طاقتور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ چین کے قومی محکمہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اقتصادی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کی درآمدات و برآمدات کا حجم سکڑتی ہوئی غیر ملکی طلب کے باوجود پہلی بار 20 ٹریلین یوآن سے تجاوز کر گیا جس میں سے برآمدات میں 3.7 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ نئی توانائی کی گاڑیوں، لیتھیم بیٹریوں اور سولر سیلز جیسی " تین نئی اشیاء" کی برآمدات میں سال بہ سال 61.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں زیادہ تر نمائندہ کاروباری ادارے نجی کاروباری ادارے ہیں ۔ مثلاً بی وائی ڈی اور سی اے ٹی ایل جیسی شہرت یافتہ چینی کمپنیاں وغیرہ ۔
موجودہ دستاویز نے نجی معیشت کے لیے بہتر ترقیاتی ماحول کی فراہمی، پالیسی سپورٹ میں اضافہ، قانون کی حکمرانی کی مضبوط ضمانت ، اعلیٰ معیار کی ترقی کے حصول کے فروغ، نجی معاشی اہلکاروں کی ترقی اور ترقی و وسعت کے لئے سماجی ماحول پیدا کرنے سمیت چھ اہم پہلوؤں میں 28 مخصوص اقدامات پیش کئےجو نجی معیشت کے بہت سے بنیادی خدشات کا جواب دیتے ہوئے مسائل کو حل کرنے پر زور دیتے ہیں اور قابل عمل بھی ہیں۔ مثال کے طور پر، بقایا جات کی روک تھام اور صفائی کے طریقہ کار کو معمول پر لانے، مالی مشکلات، منصفانہ مسابقت، پالیسی کا تسلسل اور قانونی ضمانت کو بہتر بنانے جیسے اقدامات نجی کاروباری اداروں کی اصل مشکلات دور کرنے کے عین مطابق ہیں، اور نجی معیشت کی ترقی کے لئے زیادہ طاقتور پالیسی کی ضمانت فراہم کرتے ہیں.
طویل مدت کے اعتبار اور مجموعی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو چین میں نجی معیشت کی ترقی کے لئے سب سے اہم مسئلہ منصفانہ مسابقت اور اعتماد بڑھانا ہے.دستاویز میں منصفانہ مسابقتی پالیسی کے نظام کے جامع نفاذ کا ذکر کیا گیا ہے ، جو بلاشبہ ادارہ جاتی سطح پر مسائل کو حل کرنے اور نجی کاروباری افراد کو تسلی بخش ماحول فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ ٹینسینٹ کے چیئرمین اور سی ای او ما حوا ٹھنگ نے کہا ہے کہ نجی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی میں دستاویز کا اہم کردار ہے جس سے اعتماد اور مستحکم ترقی حاصل کی جا سکے گی ۔ شیاؤمی گروپ کے بانی اور چیئرمین لے جون کا ماننا ہے کہ ان گائیڈلائینز نے نجی کاروباری اداروں کی توقعات کو مستحکم بناتے ہوئے نجی کاروباری اداروں کو نئے ترقیاتی تصور پر عمل کرنے کے لئے ایک رہنما واضح پالیسی سگنل جاری کیا ہےجس کی بدولت کاروباری ادارے اعلیٰ معیار کی ترقی کی راہ اختیار کرنے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کی جدید یت میں حصہ لینے میں فعال طور پر کام لیں گے۔