پاک چین دوستی کے رنگ ہر گزرتے وقت کے ساتھ گہرے اور پختہ ہوتے جارہے ہیں: محمد ابوبکر رکن قومی اسمبلی پاکستان

2023/07/25 09:59:47
شیئر:

پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن اور قومی اسمبلی کی پارلیمانی امور کی کمیٹی کے چئیرمین جناب محمد ابوبکر نے دورہ چین کے دوران چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ۔ معزز مہمان نے چینی طرز کی جدیدیت، صدر شی جن پھنگ کی ولولہ انگیز قیادت میں عوامی جمہوریہ چین کی شاندار ترقی اور بیلٹ روڈ انیشیٹو کی 10 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔

جناب محمد ابوبکر نے کہا کہ ہم بچپن سے پاک چین دوستی کے بارے میں سنتے آئے ہیں۔ یہ دوستی ہر دور میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقتور دکھائی دیتی ہے۔ چین آمد میرے لیے نا صرف ایک اعزاز کی بات ہے بلکہ یہاں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ چین کی ترقی کو دیکھ کر بہت زیادہ خوشی محسوس کررہا ہوں ۔ یہ میرا پہلا دورہ چین ہے اور میں نے چین کے بارے میں جو کچھ سنا اور پڑھا تھا یہاں پہنچ اس سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ پایا ہے۔ہم نے ہمیشہ چین کو مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا دیکھا ہے، ہمیں اس عظیم پڑوسی اور دوست ملک پر فخر ہے ۔

جناب محمد ابوبکر نے سی پیک کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبہ حقیقی معنوں میں پاکستان اور خطے کے لیے ایک گیم چینجر ہے اور اس نے پاکستان کو اعلیٰ سطحی ترقی کے قیمتی  مواقع  فراہم کئے ہیں ۔ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ چین اور پاکستان کا یہ منصوبہ پاکستان کو ترقی کی منزل کی طرف لے جائے گا۔

چین پاکستان سیاحتی تبادلوں کے تناظر میں جناب محمد ابوبکر نے کہا کہ وہ چینی دوستوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی سمیت قدرتی حسن سے مالا مال پاکستان کے شمالی علاقہ جات آنے والے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ معزز مہمان نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلوں کے فروغ سے نئی معاشی سرگرمیاں جنم لیں گی جو یقیناً  خطے خصوصاً پاکستان کے لیے بہت سود مند ہوں گی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی پارلیمانی امور کمیٹی کے چئیرمین نے مستقبل میں چین اور پاکستان کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی بہتر تفہیم اور نئے عہد کے تقاضوں کے مطابق دونوں ممالک درمیان تبادلوں کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ سی پیک میں ابھی ترقی کے بہت سے نئے امکانات موجود ہیں۔ جناب محمد ابوبکر نےصدر شی جن پھنگ کی قیادت میں عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے حاصل کردہ ترقی کی شاندار الفاظ میں تحسین کی۔ انہوں نے چینی دوستوں کی جانب سے پرخلوص میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاک چین دوستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔