چین کی روس اور یوکرین کے تنازع کو بڑھنے سے روکنے اور بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینے کی اپیل

2023/07/27 10:11:52
شیئر:

 26 تاریخ کو  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس یوکرین تنازع پر دو عوامی اجلاس منعقد کیے۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب گنگ شوانگ نے اجلاس میں کہا کہ چین کو یوکرین میں کچھ عرصے سے بگڑتی ہوئی صورتحال،  محاذ آرائی میں مسلسل اضافے،  بڑھتی ہوئی شہری ہلاکتوں اور اہم شہری تنصیبات کو پہنچنے والے شدید نقصانات پر گہری تشویش ہے۔ گنگ شوانگ نے نشاندہی کی کہ لوگوں کے مصائب کو کم کرنا اور صورتحال کو مزید خراب ہونے  سے روکنا ضروری ہے۔ چین تنازعے کے دونوں فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ فوجی محاذ آرائی کی منطق کو ترک کریں،  تحمل کا مظاہرہ کریں، جنگ کو قابو سے باہر ہونے سے بچائیں اور ناقابل تلافی صورتحال کو روکیں۔

گنگ شوانگ  نے کہا کہ یوکرین کے بحران سے نکلنے کا بنیادی راستہ سیاسی تصفیہ ہے۔ یوکرین کے معاملے پر چین نے ہمیشہ کہا ہے کہ تمام ممالک کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جانا چاہیے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کا احترام کیا جانا چاہئے، تمام فریقوں کے سیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھا جانا چاہئے،اور  بحران کے پرامن حل کے لئے سازگار تمام کوششوں کی حمایت کی جانی چاہئے۔ چین یوکرین کے بحران کے سیاسی تصفیے کو فروغ دینے کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔