چین کی پرامن ترقی اور علاقائی امن و استحکام پر اس کے مثبت اثرات قابل ستائش ہیں: سینیٹر ثنا جمالی

2023/07/28 15:09:36
شیئر:

چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سینیٹر ثناء جمالی، جو سینیٹ کی پاور افیئرز کمیٹی، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی، اور سائنس و ٹیکنالوجی اور آبی وسائل کے امور کی کمیٹی کی ممتاز رکن ہیں، نے چین اور پاکستان  کے درمیان مضبوط تعلقات پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے ثمرات مشترکہ ترقی کی صورت میں ظاہر ہورہے ہیں۔ سینیٹر جمالی نے گوادر میں بی آر آئی کے منصوبوں کی متاثر کن پیش رفت کی تعریف کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے پاکستان اور چین دونوں کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہورہے ہیں۔

محترمہ ثنا جمالی نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں چین پاک اقتصادی راہداری کی وجہ سے قابل ذکر ترقی ہورہی ہے۔ سینیٹر جمالی نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو  کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر چین کی حمایت پر اظہار تشکر کیا اور گوادر منصوبے میں قابل ستائش پیش رفت کو سراہا۔ انہوں خاص طور گوادر کے ترقیاتی منصوبہ کی تیز رفتار پیش رفت پر روشنی ڈالی ان کا کہنا تھا کہ  گوادر ائیرپورٹ مختصر وقت میں کامیابی کی بہترین مثال ہے خواہش کہ جلد بیجنگ سے گوادر تک براہ راست پروازیں شروع ہوں۔ سینیٹر  ثنا جمالی نے زبان سیکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  بلوچستان میں مزید اقتصادی زون قائم کر رہے ہیں۔سینیٹر کا کہنا تھا کہ  پاکستانی یونیورسٹیوں میں چینی زبان سیکھنے کے پروگرام متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ دوطرفہ تعاون و تفہیم کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا  بلوچستان میں زرعی شعبے میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود  ہے۔ انہوں نے چینی طرز کی جدیدیت کو پرامن ترقی کا مثالی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک اس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چین کی پرامن ترقی اور علاقائی امن و استحکام پر اس کے مثبت اثرات کو سراہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور نوجوانوں کے تبادلے کے میدان میں بھی بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو بہتر طور پر جاننے اور سمجھنے میں مدد ملے گی۔سینیٹر جمالی نے کہا کہ چین پاکستان تعلقات مضبوط اور جامع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔