امریکہ کےجنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو کے باعث لگ بھگ 70 ملین افراد کو ہیٹ الرٹ جاری

2023/07/31 10:32:23
شیئر:

تیس جولائی کوسی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری یا اس سے زیادہ کی بلند ترین سطح تک پہنچ سکتا ہے اوراس وقت تقریباً ستر ملین امریکی ہائی ٹمپریچر الرٹ کے علاقوں میں موجود ہیں ۔
امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق، اگرچہ شمال مشرقی اور  وسطی علاقوں میں بلند درجہ حرارت میں 30 تاریخ کو قدرے کمی آئی ہے، لیکن جنوب کی ایک درجن سے زیادہ ریاستوں کے لیے ہیٹ ویو کی وارننگ بڑے پیمانے پر جاری کی گئی ہے، اور اگلے ہفتے بھی موسم کی یہی صورت حال جاری رہے گی۔
اس کے علاوہ، جنوب مغربی علاقوں میں درجہ حرارت میں قدرے کمی آئی ہے، لیکن یہ علاقے بدستور بہت گرم ہیں۔ 29 تاریخ تک ایریزونا کے دارالحکومت فینکس میں سب سے زیادہ درجہ حرارت مسلسل 30 دنوں تک 43.3 ڈگری سے زیادہ رہا، جس نے کئی دہائیوں کے گرم ترین درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکہ میں شدید گرمی کے باعث متعدد اموات کی اطلاع ملی ہے اور گرمی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔