"بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے 10 سال تصور سے حقیقت" تک کے موضوع پر نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔ معزز مہمان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی دسویں سالگرہ کے موقع پر چین آنا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہدری عہد حاضر میں چین پاکستان دوستی کے رشتوں کو مزید گہرا کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاک دوستی کی تاریخ بہت زیادہ طویل ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کے دفاع کی بات ہو، پاکستان کی معیشت کی بات ہو یا پاکستان کو کسی بھی قسم کی قدرتی آفت کا سامنا ہو چین نے ہمیشہ پاکستان کی بھر پور مدد کی ہے۔
سی پیک کے ثمرات پر روشنی ڈالتے ہوئے معزز مہمان نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں ہر شعبے میں مثالی ترقی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک جیت جیت تعاون کا حامل ایک مثالی منصوبہ ہے۔ جس سے دونوں ممالک اور دونوں ممالک کے عوام یکساں طور پر استفادہ کر رہے ہیں۔ گوادر کی بندر گاہ سے نئے تجارتی راستے کھل رہے ہیں۔ ایسے راستے جن کے اطراف دوستی اور محبت ہے۔
سید احمد ندیم قادری نے کہا چین کے عوام پاکستان سے اور پاکستان کے عوام چین سے گہری محبت کرتے ہیں۔ ہمارے دوست بھی ہماری اس دوستی پر فخر کرتے ہیں۔ پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ اسے چین جیسا دوست ملک میسر آیا ہے۔ جب پوری دنیا میں کووڈ کی وبا عروج پر تھی تو چین نے آگے بڑھ کر پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ اس کے بعد پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب میں بھی چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو ریسکیو کرنے میں چین نے پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی۔ پاکستان کے حالیہ معاشی بحران میں بھی چین نے پاکستان کی شاندار مدد کی ہے۔
نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے چینی دوستوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کی دعوت دی۔ انہوں نے آخر میں زور دے کر کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان ایک ایسا مضبوط رشتہ ہے جو دوستی کے تمام تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی 10 ویں سالگرہ پر مبارک باد کا پیغام دیا۔