پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب

2023/08/14 15:38:20
شیئر:

پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں بانیان پاکستان  اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل وطن سے کہا  کہ وہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں جمہوریت، آزادی، مساوات کی پاسداری کریں۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کی تعمیر میں کردار ادا کرنے والوں کی جدوجہد کو سراہا۔

چین میں تعینات سفیر پاکستان جناب معین الحق نے پاکستان کے 76ویں یوم آزادی پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد اور قائدین نے برصغیر میں ایک آزاد اور خودمختار مسلم ریاست کا نہ صرف تصور یش کیا بلکہ محنت اور جدوجہد سے اس کا قیام بھی کیا۔ انہوں نے کہ اس اہم دن پر ہم سب کو عزم کرنا چاہیے کہ ہم مل کر مزید خوشحال اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم رہیں گے۔ انہوں نے یہ سال پاک چین تعلقات کے حوالے سے نہایت اہم سال ہے۔ اس برس ہم چین پاک اقتصادی راہداری کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ سال چین اور پاکستان کے درمیان سیاحتی تبادلوں کا سال بھی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور توانا ہوں گے۔

سفیر پاکستان نے تقریب میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے بہت سے افراد، چینی دوستوں، میڈیا اور دوست ممالک کے  سفارتخانوں  کے  اہلکاروں نے شرکت کی۔