امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے موئی میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی تعداد 96 ہوگئی

2023/08/15 10:32:57
شیئر:

⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠امریکی ریاست ہوائی کی موئی کاؤنٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق  13 اگست کی شام تک جزیرہ موئی میں لگنے والی  آگ  سے مرنے والوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔  نیشنل فائر پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے مطابق یہ تعداد 2018 میں کیلیفورنیا کیمپ فائرمیں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ سیکڑوں افراد لاپتہ بھی ہیں۔ 

سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہوائی میں دنیا کا سب سے بڑا انٹیگریٹڈ آؤٹ ڈور الارم سسٹم ہے جس میں تقریبا 400 سائرن شامل ہیں، لیکن ہوائی ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے دوران انٹیگریٹڈ آؤٹ ڈورالارم سسٹم فعال نہیں تھا۔ 

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق موئی کاؤنٹی کے حکام آگ لگنے کے بعد تمام رہائشیوں کو خبردار کرنے کے لیے الارم بجانے میں ناکام رہے۔ بجلی اور سیل فون کے سگنلز نہ ہونے کے باعث تمام مواصلات  بھی بند ہو گئی ہیں۔  زندہ بچ جانے والوں کے مطابق جب آگ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کیا تو ریڈیو اسٹیشنز کو کوریج بھی بہت کم موصول ہوئی ۔

 واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اس آفت سے نمٹنے کے لیے سرکاری امدادی کام بھی بہت ناقص رہے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے ابتدائی کاموں میں نیشنل گارڈ، فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی، ریاستی حکومتوں اور مقامی حکومتوں کا تعاون  نظر نہیں آیا۔