چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کا چین سے اپنی گہری وابستگی کا تصویری اظہار

2023/08/20 16:04:24
شیئر:

چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چین میں اپنے قیام اور خوش گوار لمحات کو تصویری شکل دے دی۔ سفیر پاکستان کی جانب سے چین کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران لی جانے والی تصاویر پر مبنی ایک نمائش " چائنا ان فریمز : اے فوٹو گرافک ٹری بیوٹ"  بیجنگ میں منعقد ہوئی۔تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ چین متنوع ثقافتوں کا حامل ملک ہے ، نمائش میں مختلف تصاویر چین کی فطری خوبصورتی ، تاریخی یادگار نشانات ،چینی تہذیب کے دلکش رنگوں اور چینی سماج کے متحرک پن کا مظہر ہیں۔  چائنا پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر شازو کھانگ نے پاکستانی سفیر کی کاوش کو چین پاک بے مثال اور لازوال دوستی کی علامت قرار دیتے ہوئے یہ تجویز پیش کی کہ اس نمائش کا پاکستان میں بھی انعقاد کیا جائے۔ چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز کے نائب صدر نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور دوستانہ روابط کے فروغ میں اس نمائش کو ایک اہم سرگرمی قرار دیا۔  نمائش میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں ، پاکستان ایمبیسی بیجنگ کے اعلیٰ حکام ، چینی و پاکستانی میڈیا شخصیات اور ممتاز پاکستانی  افراد نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ  یہ نمائش پاکستانی سفیر کی چین سے گہری وابستگی کا مظہر ہے، اس سرگرمی کے انعقاد سے چین پاک روایتی دوستی کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ شرکاء نے یہ امید ظاہر کی کہ ایک ایسے وقت میں جب چین اور پاکستان رواں سال سیاحتی تبادلے کا سال منا رہے ہیں ، یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی و ثقافتی روابط کے فروغ میں ایک اہم سرگرمی ثابت ہو گی۔