⁠⁠⁠⁠⁠⁠⁠اگر امریکہ نے برطانیہ میں جوہری ہتھیار تعینات کیے تو جوابی اقدامات کریں گے، روس

2023/09/07 10:11:36
شیئر:

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان زاخارووا نے 5 ستمبر کو کہا کہ اگر  امریکہ نے دوبارہ برطانیہ میں جوہری ہتھیار تعینات کئے تو روس اس عمل کو علاقائی سلامتی کی صورتحال کے لیے خطرہ تصور کرے گا  اور   روس اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جوابی اقدامات کرے گا۔

زاخارووا نے یہ بھی کہا کہ روس کئی سالوں سے کہہ رہا ہے کہ نیٹو کا یہ اقدام (جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی میں مسلسل توسیع)  اسٹرٹیجک خطرات کا باعث ہے۔ تاہم، نیٹو نے ہمیشہ روس کے مطالبات کو نظر انداز کیا ہے اور یہاں تک کہ "جوہری اتحاد کو فروغ دینے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔" یہ نقطہ نظر اور اس کا طریقہ کار روس کو اسی طرح کے جوابی اقدامات کرنے پر مجبور کرے گا۔

برطانوی "گارڈین" نے 29 اگست کو رپورٹ دی  کہ امریکی کانگریس نے حال ہی میں "ممکنہ سیکورٹی مشن" انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے برطانیہ میں لے کن ہیتھ ایئر فورس بیس پر ہاسٹلریز بنانے کے لیے امریکی فضائیہ کو 50 ملین ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری دی ہے۔ امریکی تجزیہ کاروں کے مطابق "ممکنہ سیکورٹی مشن" کی اصطلاح عام طور پر امریکی محکمہ دفاع جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے استعمال کرتا ہے۔ اس خبر کے جواب میں کہ امریکہ برطانیہ میں جوہری ہتھیاروں کو دوبارہ تعینات کرے گا، برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے "نہ تسلیم کیا اور نہ ہی اس کی تردید کی"۔