چین کے وزیراعظم کی دیگر عالمی رہنماوں کے ہمراہ جی ٹونٹی سمٹ میں شرکت

2023/09/11 15:25:45
شیئر:

عالمی منظرنامے سے ایک اہم خبر شامل کرتے ہیں جی ٹونٹی  سمٹ کے دوران افریقی یونین کو جی ٹونٹی کا مستقل رکن بنا دیا گیا ہے ، چین کے وزیراعظم کی دیگر عالمی رہنماوں کے ہمراہ جی ٹونٹی سمٹ میں شرکت ،مزید تفصیلات بیجنگ سے شاہد افراز خان کی رپورٹ میں

"ایک کرہ ارض، ایک خاندان، ایک مستقبل" کے موضوع پر  منعقدہ جی 20 کی 18 ویں سمٹ سے دنیا کی یہ توقعات وابستہ ہیں کہ اس  سےبین الاقوامی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔سمٹ کی افتتاحی تقریب میں افریقی یونین کو جی 20 کا مستقل رکن بنا دیا گیا ہے۔چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے جی ٹونٹی سمٹ میں شرکت کے دوران دنیا کو درپیش مختلف عالمی چیلنجز  سے نمٹنے میں چین کے موقف کی وضاحت کی ہے۔ 2008 میں جی 20 سمٹ کے آغاز کے بعد سے چین نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے ، جی 20 تعاون کونمایاں اہمیت دی ہے اور بہتر عالمی اقتصادی نظم و نسق اور پائیدار ترقی کے لئے اپنے تصورات اور حل پیش کیے ہیں۔ چین کے صدر شی جن پھنگ نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران سربراہی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے شراکت داری، مشترکہ ترقی، پائیدار ترقی اور کھلے پن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی حامل ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لئے ٹھوس کوششوں پر زور دیا ہے۔چین کا موقف ہے کہ اقتصادی گلوبلائزیشن کو مشکلات کا سامنا ہے اور عالمی معیشت کساد کے خطرے سے دوچار ہے، ایسے میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش مشکلات کہیں زیادہ ہیں اور ترقی پذیر ممالک اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ اسی باعث چین نے جی 20 میں شمولیت کے لئے افریقی یونین کی حمایت بھی کی ہے۔ چین نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ حالیہ جی 20 سمٹ سے عالمی اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اتفاق رائے پیدا ہوگا اور دنیا کو اعتماد ملے گا۔