اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا امن کے قیام ،فروغ اور اسے برقرار رکھنے کی کوششوں کا مطالبہ

2023/09/22 09:51:23
شیئر:

21 ستمبر کو امن کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ امن نہ صرف بنی نوع انسان کا عظیم نصب العین  ہے بلکہ یہ اقدامات کا مطالبہ بھی کرتا  ہے اور بین الاقوامی برادری کو "سب کے لیے امن کے قیام، اس کے فروغ اور اسے برقرار رکھنے" کے لئے پرعزم ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت اور کرہ ارض بحران کا شکار ہیں، تنازعات نے  لوگوں کی غیر معمولی   تعداد  کو اپنے گھر بار  چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے، آگ، سیلاب اور گرمی بے تحاشا بڑھ گئی  ہے ، غربت، عدم مساوات ، ناانصافی،  عدم اعتماد، تقسیم اور تعصب بڑھ رہا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ  امن خود سے قائم نہیں ہوتا بلکہ یہ عمل کا نتیجہ ہوتاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا  کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کی جانب پیش رفت کو تیز کیا جائے  اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے، انسانی حقوق اور ہر ایک کے وقار کو برقرار رکھا جائے اور اسے تحفظ فراہم کیا جائے   نیز  کشیدگی کو کم کرنے اور تنازعات کے خاتمے کے لیے سفارت کاری، بات چیت اور تعاون کا  طریقہِ کار استعمال کیا جائے۔

 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1981 میں امن کا عالمی دن  مقرر کیاتھا۔ 2001 میں اقوامِ متحدہ کی  جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس کے تحت ہر سال  21 ستمبر کو امن کا عالمی دن قرار دیا گیا اور اسے جنگ بندی اور عدم تشدد کا دن قرار دیا گیا۔