یورپین چپ ایکٹ باضابطہ طور پر نافذ العمل

2023/09/22 10:13:22
شیئر:

  اکیس ستمبر  کو ، یورپین چپ ایکٹ باضابطہ طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔ اسی دن  یورپی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ  اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ اسکیم "یورپین چپ پلان" کے ذریعے کلیدی ٹیکنالوجیوں کی صنعت کاری کو فروغ دیتی ہے اور سرکاری اور نجی کمپنیز  کو چپ بنانے والوں اور ان کے سپلائرز کی مینوفیکچرنگ سہولیات میں سرمایہ کاری  کی ترغیب دیتی ہے۔

 اعلان میں کہا گیا ہے کہ یورپ کے پاس عالمی سیمی کنڈکٹر کی پیداوار ی مارکیٹ کا 10 فیصد سے بھی کم حصہ ہے اور وہ تیسرے ملک کے سپلائرز پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ اگر عالمی سپلائی چین میں شدید خلل پڑتا ہے تو ، یورپی صنعتی شعبے کے پاس موجود چپ وسائل،مختصر وقت میں ختم ہوسکتے ہیں ، جس کی وجہ سے یورپی صنعت رک سکتی ہے۔

اس ایکٹ کے مطابق، یورپی یونین 2030 تک یورپی یونین کے اداروں اور رکن ممالک سے 11.15 بلین یورو کی عوامی سرمایہ کاری جمع کرے گا، اور اہم نجی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائے گا.  اس  چپ ایکٹ کو یورپی پارلیمنٹ نےرواں سال جولائی میں  منظور کیا تھا۔ ایکٹ میں طے کیا گیا کہ  2030 تک عالمی سطح پر چپ کی پیداوار میں یورپی یونین کا موجودہ 10 فیصد حصہ  بڑھ کر 20 فیصد ہوجائے تاکہ اس کی اپنی اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔