امریکی فیڈرل ریزرو رواں سال کے آخر تک 300 ملازمین کو فارغ کر دے گا، سی این این

2023/09/24 17:10:54
شیئر:

سی این این کی ایک رپورٹ کے   مطابق فیڈرل ریزرو کے ترجمان نے 22 تاریخ کو کہا کہ فیڈ سسٹم اس سال کے اختتام سے قبل تقریباً 300 ملازمین کو فارغ کر دے گا۔یہ  تیرہ برس میں  فیڈرل ریزرو   کی  جانب سے  ملازمین کی پہلی برطرفی ہے ۔ 

یہ برطرفیاں فیڈرل ریزرو کے لیے ایک حساس وقت میں سامنے آئی ہیں۔ رواں سال کی پہلی ششماہی کے لیے فیڈ کے مالیاتی بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جون کے اختتام پر فیڈ کے اثاثوں کا حجم 8.34 ٹریلین ڈالر تھا لیکن اس کے ساتھ ہی سال کی پہلی ششماہی میں خسارہ 57.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ گزشتہ سال سے شرح سود میں زبردست اضافہ ان وجوہات میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے فیڈ کو خالص آپریٹنگ خسارے کا سامنا ہے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس مرحلے میں فیڈ کی جارحانہ شرح سود میں اضافے کا خود پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں بڑھتے ہوئے  افراط زر کے جواب میں ، فیڈرل ریزرو نے مارچ 2022 میں شرح سود میں اضافے کا موجودہ چکر شروع کیا۔ شرح سود میں 525 بیسس پوائنٹس کے مجموعی اضافے کے ساتھ 11 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے جس سے شرح سود 22 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔