بائیڈن کے لیے خطرے کی گھنٹی:امریکی ریاست ایریزونا میں پندرہ ہزار سے زائد ووٹرز کا نئی سیاسی جماعت پر اظہار اعتماد

2023/09/25 15:49:45
شیئر:

امریکی ریاست ایریزونا میں 15 ہزار سے زائد افراد نے جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے  مقابلے میں انتخاب میں حصہ لینے والی  نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے اندراج کرایا ہے۔

اگرچہ یہ تعداد ریاست کے 40 بڑے شہروں میں سے ہر ایک کی آبادی سے  کم ہے، لیکن پھر بھی یہ اتنی بڑی تعداد ہے کہ صدارتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی تشویش ناک ہے جو ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس دوبارہ جیتنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نو لیبلز گروپ کی موجودگی  ڈیموکریٹک پارٹی کی  تشویش میں اضافہ کر رہی ہے جو پہلے ہی موجودہ صدر کی عمررسیدگی اور کارکردگی پر ووٹرز کو مطمئن کرنے سے قاصر ہے۔

 اگرچہ نو لیبلز گروپ نے  صدر اور نائب صدر کے امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا وعدہ نہیں کیا ہے ، لیکن انہوں  نے پہلے ہی ایریزونا اور 10 دیگر ریاستوں میں بیلٹ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ جماعت  کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک 20 ریاستوں اور انتخابات کے دن تک تمام 50 ریاستوں تک پہنچنے کی راہ پر گامزن ہیں۔