وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی کا شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹول کے شرکاء سے خطاب

2023/09/26 17:29:13
شیئر:

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے شنگھائی تعاون تنظیم ٹی وی فیسٹول، 2023 کے شرکا سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں جناب مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم  خطے کے تمام رکن ممالک کے لیے سماجی، اقتصادی، مواصلات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور پائیدار تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک انتہائی مفید اور امید افزا پلیٹ فارم بن کر ابھری ہے۔

ریڈیو، ٹیلی ویژن اور دیگر آڈیو ویژول مصنوعات کے شعبوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے درمیان تعاون  اس ایسشائی تنظیم کی کامیابی کا مظہر ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کے طور پر، پاکستان میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔میڈیا کا تعاون، مرکزی دھارے اور سوشل میڈیا دونوں، لوگوں سے لوگوں کے رابطے قائم کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ہماری میڈیا تنظیموں کو ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کے لئیے مشترکہ اشاعت اور دستاویزی فلموں سمیت مختلف انواع کی تیاری کے لیے روابط کو بڑھانا چاہیے۔

 پاکستان نے حال ہی میں اپنی میڈیا پالیسی کی نقاب کشائی کی ہے جو ہمارے مقامی پروڈیوسرز کے لیے فلموں اور ٹیلی ویژن سیریز کی تیاری کے لیے بین الاقوامی میڈیا کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے لیے سازگار ثابت ہوگی۔میں اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور مشترکہ منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتا ہوں۔ ہم آپ کے بھرپور تجربات سے تکنیکی صلاحیت اور جدید ترین ٹیکنالوجیز سیکھنا چاہیں گے۔ مشترکہ پروڈکشنز ہمارے ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے اور لوگوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی جس کی گہرائی سمندروں سے بھی زیادہ گہری ہے اور سات دہائیوں کے شاندار سفر میں، اس نے اپنی نوعیت کی ایک انفرادیت سنبھالی ہوئی ہے۔پاکستان اور چین اس سال  اقتصادی راہداری  کی دسویں سالگرہ منارہے ہیں جو دونوں ممالک کے مابین ایک تاریخی معاشی تعاون کی شکل اختیار کئیے ہوئے ہے۔

ہمارے دونوں ممالک نے 2023 کو چین اور پاکستان کے درمیان سیاحت کے تبادلے کا سال قرار دیا ہے ۔

اس کا مقصد عوام کے درمیان تبادلے کو مزید فروغ دینا اور ہمارے لوگوں کے باہمی فائدے کے لیے ایک متحرک سیاحت اور ثقافتی ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہماری ٹھوس، پائیدار اور غیر جانبدارانہ کوششیں پاکستان، چین اور تمام SCO ممالک کو ہمارے لوگوں اور نسلوں کے لیے مشترکہ تقدیر کی کمیونٹی تشکیل دینے میں مدد کریں گی۔