پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

2023/09/28 17:21:54
شیئر:

پاکستان    کے نگران  وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات جناب مرتضیٰ سولنگی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

چین کے سرکاری دورے سے وطن واپسی کے دوران بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جناب مرتضیٰ سولنگی نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی 10ویں سالگرہ پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر آئی نے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو ترقی کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔

بی آر آئی کے فلیگ شپ پراجیکٹ سی پیک  کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب سولنگی نے کہا کہ یہ چین اور پاکستان کے تعلقات کا ایک سنہری باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک  نے پاکستان کے توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مواصلات کے شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری فراہم کی ہے، جس سے ترقی کے نئے مواقع اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ اب تک پاکستان میں سی پیک کے تحت پاکستان میں 26 ارب ڈالرز مالیت کی سرمایہ کاری سے منصوبے موجود ہیں اور نئے منصوبے شروع ہوں گے تو ترقی کی ایک نئی لہر آئے گی۔

جناب سولنگی نے کہا کہ پاکستان چین پاک اقتصادی راہداری  منصوبہ  کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس کے تحت ایم ایل- ون جیسے نئے منصوبے شروع ہورہے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کی ریل سروس میں سنگ میل ثابت ہوں گے اور روزگار اور ترقی کے نئے مواقع متعارف کرائیں گے۔

جناب سولنگی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ اکتوبر میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا آئندہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظر نامے کے باوجود پاک چین تعلقات ہر گزرتے وقت کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں۔