رواں سال 11 ہزار سے زائد تارکین وطن نابالغ بچے بغیر سرپرست کے اٹلی میں داخل ہوئے ہیں،یونیسیف

2023/09/30 15:12:42
شیئر:

29 ستمبر کو یونیسیف نے ایک رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ رواں سال جنوری سے وسط ستمبر تک 11 ہزار 600 سے زائد نابالغ بچے بغیر والدین یا سرپرست کے وسطی بحیرہ روم کے راستے اٹلی میں داخل ہوئے ہیں ، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ ہے۔

یونیسیف کے مطابق جنگ، تنازعات، تشدد اور غربت وہ اہم عوامل ہیں جن کی وجہ سے بچے تنہا ہی اپنے آبائی ممالک سے فرار ہو جاتے ہیں۔ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ بے سہارا بچوں کو اپنے سفر کے دوران ہر وقت بدسلوکی کا خطرہ ہوتا ہے۔ اس سال جون اور اگست کے درمیان  بچوں سمیت کم از کم 990 افراد وسطی بحیرہ روم کو عبور کرنے کی کوشش میں ہلاک یا لاپتہ ہو گئے، جو گزشتہ موسم گرما کے اسی عرصے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ یونیسف کا کہنا ہے کہ پناہ اور تحفظ کے متلاشی بچوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے یورپ بھر میں ردعمل کی اشد ضرورت ہے اور مزید بچوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اور  متعدد بحرانوں کا سامنا کرنے والے ممالک کی مدد کے لیے بین الاقوامی امداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔