امریکہ میں گن وائلنس نابالغوں کا سب سے بڑا قاتل بن گیا ہے،سی ڈی سی کے اعداد و شمار

2023/10/03 16:04:04
شیئر:

امریکہ میں  گن وائلنس ایک آفت ہے  اور زیادہ سے زیادہ امریکی نابالغ اس کا شکار بن رہے ہیں۔ 2 اکتوبر کو امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ  گن وائلنس ٹریفک حادثات سے بھی زیادہ  امریکی بچوں اور نوعمروں کی جانیں لے چکا ہے ۔

ان اعداد و شمار کے مطابق  2021 میں امریکہ میں 2,279 بچے اور نوعمر افراد گن وائلنس کے واقعات میں ہلاک ہوئے، جو ایک دہائی قبل کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2021 میں امریکہ میں بچوں اور نوعمروں میں اموات کی تقریباً 19 فیصد وجوہات کا تعلق گن وائلنس سے تھا اور امریکہ میں بچوں اور نوعمروں کی اموات کی وجوہات میں   گن وائلنس نے ٹریفک حادثات کو  بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

 اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ سفید فاموں کے مقابلے میں افریقی نژاد امریکی بچوں اور نوعمروں میں  گن وائلنس سے ہلاک ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ 2021 میں افریقی نسل کے ہر ایک لاکھ بچوں اور نوعمروں میں سے 17 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اگرچہ اسلحے پر قابو پانے کا مطالبہ کرنے والے امریکی عوام کی آوازیں یکے بعد دیگرے بلند ہوتی جا رہی ہیں لیکن امریکہ میں سیاسی پولرائزیشن کے اثر و رسوخ، اسلحے رکھنے کی حمایت کرنے والی  تنظیموں اور اسلحہ سازوں اور سیاستدانوں کے درمیان گٹھ جوڑ کی وجہ سے امریکہ کے لیے اسلحے پر قابو پانے کے موثر اقدامات متعارف کروانا مشکل ہے اور یہاں گن وائلنس کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے۔ امریکی ویب سائٹ 'گن وائلنس آرکائیو' کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال 2 اکتوبر تک امریکا میں گن وائلنس سے 32 ہزار 566 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔