افغانستان میں آنے والے زلزلے سے 120 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں

2023/10/08 10:19:44
شیئر:

چائنا سیسموگرافک نیٹ ورک کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق 7 تاریخ کو  شمال مغربی افغانستان میں متعدد زلزلے آئے، جن میں سے دو کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 ڈگری تھی، جس کا مرکز شمال مغربی شہر ہرات کے قریب تھا۔ صوبہ ہرات میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار نے بتایا کہ زلزلے سے کم از کم 120 افراد ہلاک اور تقریباً 1000 زخمی ہوئے ہیں۔

 افغانستان کی عبوری حکومت کی قومی آفات سے نمٹنے اور امور انسانی امداد  کی وزارت نے 7 تاریخ کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ زلزلے کی وجہ سے بڑی تعداد میں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقے میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہوا، زلزلے کے مرکز کے قریب 12 دیہات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 افغان عبوری حکومت کے ترجمان مجاہد نے کہا کہ افغان عبوری حکومت نے ملک میں تمام متعلقہ فوجی اور خدماتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر صوبہ ہرات میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جا کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں۔ افغان عبوری حکومت بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ اور خوراک کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کرے گی۔اس کے ساتھ ہی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے سکیورٹی ادارے تمام فضائی اور زمینی سہولیات کو متحرک کریں گے۔