فلسطین اسرائیل تنازعے کے موجودہ دور میں دونوں اطراف سے 1900 سے زائد افراد ہلاک

2023/10/11 10:15:36
شیئر:

10 تاریخ کو اسرائیلی میڈیا اور فلسطینی طبی اداروں کی جانب سے جاری تازہ ترین خبروں کے مطابق ،فلسطین اسرائیل تنازعے کے  حالیہ دور کے آغاز کے بعد سے اب تک 1900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 اسرائیلی میڈیا  کی تازہ اطلاع کے مطابق  تنازعے کے نئے دور میں کم از کم 1008 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر کے اسپتالوں میں زخمیوں کی تعداد 2901 ہوگئی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے 10 اکتوبر کی شام کو اعلان کیا کہ 7 اکتوبر کو فلسطین اور اسرائیل کے مابین تنازعہ کے موجودہ دور کے بعد سے غزہ کی پٹی اور دریائے اردن کے مغربی کنارے سمیت متعدد علاقوں میں  فلسطینیوں کی  ہلاکتوں کی تعداد 921 تک پہنچ گئی ہے اور تقریبا 4،630 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

 10 تاریخ کو جنیوا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے اہم اداروں نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازعہ کے نئے دور میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور املاک کا نقصان ہوا ہے ، انہوں نے شہریوں کے خلاف تمام پرتشدد سرگرمیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

 اسرائیلی دفاعی افواج نے 10 تاریخ کی سہ پہر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے وزیر اقتصادیات اور حماس کے پولیٹیکل بیورو کے ایک سینئر رکن پر حملہ کیا۔ حماس کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسی روز اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے دو اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہوئے۔