تعطیلات کے دوران صارفین کی مارکیٹ سے چین کی معاشی قوتِ حیات کا اظہار

2023/10/12 11:31:51
شیئر:

وسط خزاں کے تہوار اور  قومی دن کی آٹھ روزہ طویل تعطیلات گزر چکی ہیں اور لوگ چھٹیوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے بعد اپنے روزمرہ کے  معمولات پر  واپس لوٹ آ ئے ہیں ۔ لیکن اس سال وسط خزاں کے تہوار  اور  قومی دن کی تعطیلات میں 800 ملین سے زائد افراد نے سفر کیا۔  قدرتی مقامات، سپر مارکیٹس، سینما گھروں اور  ریستورانوں   سمیت  عوامی دلچپسی کے دیگر مقامات  کے پررونق   مناظر    کچھ عرصے تک لوگوں کے ذہنوں میں  ضرور رہیں گے ۔ اس سال وسط خزاں کے تہوار اور قومی دن  کی کل آٹھ تعطیلات نے لوگوں کی سیاحت کی طلب کو  عروج پر پہنچادیا ۔ تعطیلات کی مارکیٹ کی بھرپور طاقت سے پتہ چلتا ہے کہ چین کی معیشت بحال ہو رہی ہے ، اور چینیوں کی جیبوں میں پیسہ ہے۔

پچھلی صدی   کی90 دہائی کے وسط میں ،  چین بھر  میں  ایک گیت بہت مقبول  تھا ،جس کا نام ہے  "میں گوئِی لین جانا چاہتا ہوں" ، اور گانے کے بول کچھ  اس طرح ہیں : میں سیاحتی  شہر  گوئی لین جانا چاہتا ہوں ، لیکن جب میرے پاس وقت ہے تو   پیسہ نہیں ہے ، اور جب میرے پاس پیسہ ہے تو وقت نہیں ہے۔ جنت ارضی  جیسے خوبصورت  علاقے یانگ شو    اور   دریائے لی   کا سفر کرنا  میری زندگی بھر کی خواہش تھی۔تاہم  آج ،  کسی دوسری جگہ کی سیر   کرنا   ایک خواب نہیں رہا، چین کی معیشت کی مسلسل ترقی سے لوگ غربت سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہے  ہیں اور انہیں زندگی  میں  بہتر  مواقع میسر ہیں۔ اس سال وسط خزاں تہوار  اور  قومی دن کی تعطیلات کے دوران  سفر کے لئے لوگوں کا جوش، اس کی بہترین مثال ہے.

پھر رواں سال تعطیلات کے  دوران سفر وں کی خصوصیات کیا ہیں؟ سب سے پہلے تو قومی دن خود ہی سیاحت کی خصوصیات دیتا ہے، یکم اکتوبر کو ملک بھر سے تین لاکھ سے زائد سیاح صبح کے سورج کی پہلی کرن میں  قومی پرچم  کشائی  دیکھنے کے لیے بیجنگ کے تیان آن من اسکوائر پہنچے اور پرچم کشائی کی پروقار تقریب نے  یقیناً  بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں گہرے نقوش چھوڑے ہوں گے   ۔ دوسرا، ثقافتی اور کھیلوں کی سیاحت کا انضمام واضح ہے۔ دیکھیں ،تعطیلات کے دوران، ہانگ چو ایشین گیمز جاری تھیں، لہذا ایشین گیمز  دیکھنے،  اس شہر  کے دلکش اور تفریحی  مقامات  سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہانگ چو جانا بہت سے لوگوں کا انتخاب بن گیا . اس کے علاوہ ، یہ  بھی قابل ذکر ہے کہ 17 ستمبر کو  "پو ر جینگ مائی پہاڑ کا چائے کےپرانے   پودوں کا پارک "  چین میں 57 واں عالمی ثقافتی ورثہ بن گیا ۔ تعطیلات کے دوران، اس نئے  عالمی ثقافتی ورثے نے    پہلی بار   ایک  اہم سیاحتی مقام کے طور پر لوگوں کی بھر پور توجہ حاصل کی اور ہزاروں سال پرانی چائے کی ثقافت نے سیاحوں کو محظوظ کیا۔ اس کے علاوہ شنگھائی ڈزنی لینڈ،  شی آن میں چین کے پہلے بادشاہ  چھن شی ہوانگ شہنشاہ کے مقبرے پر مبنی میوزیم اور ووہان میں ہوانگ حہ  ٹاور  جیسے ثقافتی مقامات ، مقبول ترین سیاحتی مقامات بن چکے ہیں اور چھنگدو جیسے  مختلف  شہروں میں لوگ روایتی ملبوسات پہنتے ہوئے   مقامی کیٹرنگ کا مزہ چکھتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، اس سال وسط خزاں تہوار  اور  قومی دن کی تعطیلات کے دوران ملکی سیاحت کی آمدنی 750 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی، جس کی وجہ سیاحت کی مقبولیت ہے، کیٹرنگ کی کھپت نے بھی ایک بڑا حصہ ڈالا، اور ملک بھر کے بڑے کاروباری اضلاع کی جانب سے منعقد ہونے والی رنگا رنگ سرگرمیوں نے کھپت کے امکانات کو مزید متحرک کیا۔ وزارت تجارت کی  بزنس بگ ڈیٹا مانیٹرنگ کے مطابق چھٹی کے پہلے سات  روز    ملک بھر میں ریٹیل اور کیٹرنگ انٹرپرائزز کی فروخت میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں  9 فیصد اضافہ ہوا۔ پورے ملک میں  پیدل چلنے والی مثالی  سڑک  پر جانے والے مسافروں  میں 94.7 فیصد اضافہ ہوا ، اور 36 بڑے اور درمیانے شہروں میں اہم کاروباری اضلاع کے مسافروں  کی تعداد  بھی پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 164 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس سال وسط خزاں تہوار   اور قومی دن کی تعطیلات نے چین کی گھریلو اور غیر ملکی سیاحت کی صنعت میں ایک مضبوط بحالی کی رفتار دیکھی ہے۔ تعطیلات کی معیشت کے ایک اہم حصے کے طور پر ، رہائشیوں کی سفر کرنے کی اعلیٰ خواہش اور رنگا رنگ سیاحت کی فراہمی نے صارفین کی مارکیٹ کی خوشحالی اور سرگرمی کو آگے بڑھایا ہے۔ 1.4 بلین سے زیادہ آبادی  اور فی کس جی ڈی پی 12000 امریکی ڈالر سے زیادہ کے ساتھ، چین دنیا کی سب سے زیادہ امکانات سے بھرپور  صارفین کی مارکیٹ ہے. کسی ملک کی پھلتی پھولتی صارفین کی مارکیٹ  اس کی  معاشی بحالی کا ایک واضح مظہر ہے ۔ یہ  لوگوں کو چین کی معاشی لچک ، عظیم صلاحیت اور بھر پور   قوت محرکہ کا احساس دلاتا ہے۔