فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور میں اب تک 4100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں

2023/10/16 09:41:01
شیئر:

 15 اکتوبر  تک فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور میں  دونوں اطراف سے 4100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلسطینی محکمہ صحت نے 15 تاریخ کی شام کو اعلان کیا کہ تاحال 2،726 فلسطینی افراد ہلاک اور 10،800 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطین کی وزیر صحت مائی کیرا نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل فضائی حملوں سے غزہ کی پٹی کے بڑے اسپتالوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور طبی وسائل ختم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا  کہ فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 اکتوبر کی شام اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس وقت غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے کی جانب  6 لاکھ سے زائد افراد منتقل ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈر تومیل بار نے 15 تاریخ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے اگلے مرحلے کا بنیادی کام  زمینی اور فضائی خطرات کو ممکنہ حد تک ختم کرنا اور بری فوج کے غزہ کی پٹی میں داخلے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ تاحال اسرائیل نے یہ اعلان نہیں کیا کہ وہ زمینی فوجی آپریشن کب شروع کرے گا۔ ادھرفلسطینی تنظیم جہاد  کی مسلح شاخ القدس بریگیڈ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی زمینی فوجی کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

 اسرائیل کے وزیر توانائی کاٹز نے 15 تاریخ کو کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو  اور امریکی صدر بائیڈن نے جنوبی غزہ کی پٹی میں پانی کی فراہمی بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے، اور کہا کہ اس فیصلے سے غزہ کی پٹی میں شمال سے جنوب کی جانب رہائشیوں کے انخلا میں مدد ملےگی۔ فلسطینی ہلال احمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ غزہ کی پٹی کی موجودہ صورتحال انخلا  کے لیے موزوں نہیں ہے اور مقامی آبادی کو جلد از جلد محفوظ راستہ فراہم کیا جانا چاہیے۔