فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ دور میں اب تک 4900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں

2023/10/19 09:32:59
شیئر:

فلسطین اسرائیل  تنازع کے موجودہ دور میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،  اعداد و شمار کے مطابق 18 تاریخ کی سہ پہر تک تنازع  میں دونوں اطراف سے 4,900 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

فلسطین کے وزیر خارجہ مالکی نے 18 تاریخ کو کہا کہ  تاحال غزہ کی پٹی میں 1300 سے زیادہ بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسکائی نیوز کو   دیے گئے ایک انٹرویو میں فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ غزہ کے مقامی ہسپتال طبی سامان اور ایندھن کی کمی کی وجہ سے طبی خدمات فراہم کرنے سے قاصر  ہیں۔

 اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے 18 اکتوبر کو اعلان کیا کہ اسرائیل مصر سے غزہ کی پٹی میں خوراک، پانی، ادویات اور دیگر انسانی سامان کی ترسیل کو نہیں روکے گا، مگر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سامان صرف جنوبی غزہ کی پٹی میں شہریوں کو فراہم کیا جائے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ جب تک حماس حراست میں لیے گئے اسرائیلی اہلکاروں کو رہا نہیں کر دیتی وہ اپنی سرزمین سے غزہ کی پٹی تک کسی بھی انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت نہیں دے گا۔

 غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں پر حملے کے جواب میں فلسطینی صدر محمود عباس نے فوری طور پر اردن کا اپنا دورہ منسوخ کر  دیا اور ایک ہنگامی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے "تمام سرخ لکیریں" عبور کر لی ہیں اور انہوں نے اردن اور مصر کے رہنماؤں کے ساتھ 18 تاریخ کو عمان ،اردن میں امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ  طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، اقوام متحدہ میں عرب ممالک کے مستقل مشن، عالمی ادارہ صحت، ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی، روس، مصر، ترکی، لبنان، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران اور دیگر ممالک نے غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔