مقامی وقت کے مطابق 18 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حالیہ فلسطین اسرائیل تنازع کے حوالے سے ایک عام اجلاس منعقد کیا۔ چینی نمائندے نے اس موقع پر کہا کہ فوری طور پر جامع فائر بندی کا حصول ترجیحی ہدف ہونا چاہیے، انہوں نے سلامتی کونسل کے ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے زانگ جون نے کہا کہ غزہ کے ایک ہسپتال پر حملے میں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کی جانیں گئی ہیں۔چین اس گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔مسلح تنازعات میں شہریوں کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک سرخ لکیر ہے۔ عام شہریوں،ہسپتالوں، اسکولوں جیسی شہری سہولیات کو ہر گز فوجی کارروائیوں کا ہدف نہیں ہونا چاہیے۔جب تک یہ جنگ جاری رہے گی،لا محالہ بین الاقوامی انسانی قانون کی مزید خلاف ورزیاں ہوں گی۔ ایک جامع فائر بندی کے بغیر، انسانی ہمدردی کی کارروائیاں زیادہ موثر ثابت نہیں ہوں گی۔