مشرق وسطیٰ کے امور کے حوالے سے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی زائی جون کا دورہ دوحہ

2023/10/20 09:53:49
شیئر:

19 تاریخ کو مشرق وسطیٰ کے امور کے حوالے سے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی  زائی  جون نے دوحہ میں روسی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ اور افریقی امور اور روسی  نائب وزیر خارجہ   بوگدانوف سے ملاقات کی اور فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ 

زائی جون نے کہا کہ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے کے تمام اقدامات کی مخالفت اور مذمت کرتا ہے اور بین الاقوامی قانون کی کسی بھی خلاف ورزی کی مخالفت کرتا ہے۔ فلسطین اسرائیل تنازع کے موجودہ نہج پر پہنچنے کی بنیادی وجہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کا عدم تحفظ ہے۔ چین روس کے ساتھ رابطے  کو برقرار رکھنے  ،کشیدہ صورتحال میں جلد از جلد کمی لانے   اور مسئلہ فلسطین کے  جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کو جلد فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

 اسی دن زائی جون نے دوحہ میں قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد بن عبدالعزیز الحلیفی سے ملاقات کی اور فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ زائی جون نے کہا کہ چین مسئلہ فلسطین پر عالمی برادری کے متعلقہ فریقوں کے ساتھ گہرے رابطے میں ہے تاکہ  جنگ کے خاتمے کو فروغ دیا جا سکے۔ مسئلہ فلسطین پر قطر کا اہم اثر و رسوخ ہے۔چین قطر کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے اور موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

 الحلیفی نے کہا کہ قطر فلسطینی اور اسرائیلی دونوں اطراف کے شہریوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ قطر چین کے کردار اور اثر و رسوخ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے کے لئے  تیار ہے  اور مسئلہ فلسطین کو جلد از جلد منصفانہ اور معقول طریقے سے حل کرنے کی کوششیں  کرے گا۔