فلسطین اسرائیل تنازع کی تازہ صورتحال

2023/10/20 09:55:01
شیئر:

اب تک فلسطین اسرائِیل تنازع میں  دونوں جانب سے 5200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 3859 فلسطینی اور 1400 سے زائد اسرائیلی شامل ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 تاریخ تک اسرائیلی فضائی حملوں میں فلسطین کے 25 اسپتالوں کو نقصان پہنچا ہے اور غزہ کی پٹی کے 4 اسپتالوں نے طبی خدمات مکمل طور پر بند کر دی ہیں۔

19 تاریخ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصر کے شہر قاہرہ میں مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری سے ملاقات کی جس میں غزہ کی پٹی تک انسانی امداد پہنچانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے  اس بات پر زور دیا کہ حماس  قیدیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرے اور اسرائیل انسانی امداد کے لئے فوری اور بلا روک ٹوک رسائی فراہم کرے تاکہ  غزہ کی پٹی کے عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا  کیا جا سکے۔

ادھر  اسرائیلی وزیر دفاع نے 19 تاریخ کو غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج سے کہا کہ غزہ پر حملے کا حکم جلد جاری کیا جائے گا۔ اسرائیل کی شمالی سرحد سے متصل کم از کم 24 دیہات کو خالی کرایا جا رہا ہے۔ اگر اسرائیلی زمینی فوج غزہ میں داخل ہوئی تو انسانی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

 غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے جاری  ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 تاریخ کی شام سے 19 اکتوبر  علی الصبح تک اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہروں رفح، خان یونس اور شمالی جبلیہ پر فضائی حملے کیے جن میں درجنوں فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حملے کا نشانہ بننے والا ایک اسکول فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کا حصہ تھا اور اس میں بے گھر افراد کو رکھا گیا تھا۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 18 کی رات سے 19 تاریخ کی علی الصبح تک بڑے پیمانے پر تلاشی اور گرفتاری آپریشن شروع کیا۔اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینی  مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ شمال میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی علاقے میں 19 تاریخ کو فائرنگ کے متعدد تبادلے ہوئے اور کشیدگی اب بھی جاری ہے۔