مشرق وسطیٰ کے معاملے پر چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون کی عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط سے ملاقات

2023/10/22 19:11:06
شیئر:

 21 اکتوبر2023ء, مشرق وسطیٰ کے معاملے پر  چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے قاہرہ امن کانفرنس کے دوران  عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط سے ملاقات کی اور فلسطین اسرائیل کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 ژائی جون نے کہا کہ چین فلسطین اسرائیل تنازع  میں  بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکتوں اور تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر افسردہ ہے اور انسانی آفات کو روکنے  اور انسانی امداد کی فراہمی کے لئے جلد جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ماننا ہے کہ طاقت اس مسئلے کو حل کرنے کا راستہ نہیں ہے ۔ مسئلہ فلسطین کی بنیادی وجہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کی دیرینہ خواہش کو عملی جامہ پہنانے میں تاخیر ہے اور "دو ریاستی حل" کی بنیاد پر امن مذاکرات کی بحالی ہی فلسطین اسرائیل تنازعے کے دائرے  سے باہر نکلنے کا واحد راستہ ہے۔ ژائی جون نے کہا کہ  چین اس مسئلے پر اہم کردار ادا کرنے کے لئے عرب لیگ کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور صورتحال کو جلد از جلد  بہتر  کرنے کے لئے متعلقہ عرب ممالک کی ثالثی  کی حمایت کرتا ہے۔

احمد ابوالغیط  نے کہا کہ عرب  لیگ مسئلہ فلسطین پر چین کے معروضی اور منصفانہ موقف کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور چین کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے اور فلسطین اسرائیل تنازع کے خاتمے اور مشرق وسطیٰ  امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے۔