پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ کا پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کا عزم

2023/10/24 10:39:49
شیئر:

چین اور پاکستان کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی پہلے فلم"پاتھیے گرل" کے حوالے سے ایوارڈ عطا کرنے کی تقریب بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق ، ثقافت کے شعبے سے وابستہ ممتاز چینی شخصیات اور  پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ عہدہ داروں نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید جمال شاہ نے حال ہی میں بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ بین الاقوامی تعاون فورم کے دوران بی آر آئی شراکت دار ممالک کے مابین ثقافتی روابط کے فروغ سے متعلق عزم کو خوش آئند قرار دیا۔سید جمال شاہ نے مزید کہا کہ چین اس وقت فلم سازی کے حوالے سے ایک بڑا ملک ہے اور پاکستان اس شعبے میں چین کے تجربات سے سیکھ سکتا ہے ، اس حوالے سے دونوں ممالک کے مابین تعاون سے روایتی دوستی اور ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اواخر تک سی پیک کلچرل کارواں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کا مقصد پاکستان، چین اور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ نگران وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ کارواں چین کے شہر شی آن سے شروع ہوگا اور کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان، ایران، متحدہ عرب امارات، عمان، گوادر، کراچی سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا۔ جمال شاہ نے مزید کہا کہ ان کی  اگلی فلم "کٹ" بھی پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے جا رہی ہے۔

اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم"پاتھیے گرل" خواتین کو بااختیار بنانے، دوستی، رواداری اور افہام و تفہیم کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک بہت ہی خاص تعلقات اور منفرد اور آزمودہ دوستی ہے جو پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے بھی گہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ثقافتی تعاون اور عوامی سطح پر تبادلے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین سیاحت کا سال منا رہے ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے  سیاحتی تبادلوں کو  فروغ ملے گا۔