چین میں کاؤنٹی مارکیٹ کے وسیع امکانات

2023/10/26 16:21:23
شیئر:

حالیہ عرصے میں چین کی کاؤنٹیز  کے رہائشی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد  نے سوشل نیٹ ورکس پر  ان کے علاقے میں  کھولے گئے نئے  کیفیز  سے متعلق تصاویر اور  ویڈیوز  پوسٹ کیں، جن میں کافی  مقبول 'چین اسٹورز'  بھی شامل ہیں۔ کچھ عرصہ قبل، سٹاربکس چائنا  کی چیف آپریٹنگ آفیسر وانگ جِنگ اینگ نے کہا تھا کہ " 300 سے زیادہ سٹی لیول مارکیٹس  کے ساتھ ساتھ  سٹاربکس چین کی   تقریباً 3000 کاؤنٹی لیول مارکیٹس کو بھی اہمیت دیتا ہے۔"

کافی کے علاوہ، بہت سی دیگر صنعتیں بھی کاؤنٹی مارکیٹ میں کاروبار کو  ترقی دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان رابطے کے طور پر، کاؤنٹیز دیہی احیاء کی حکمت عملی کے لیے ایک مضبوط ستون اور قومی معیشت کی ترقی کو فروغ دینے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ چین میں اب 2,800 سے زیادہ کاؤنٹی سطح کی بلدیاتی حکومتیں ہیں جو وسیع رقبے پر محیط ہیں اور تقریباً 740 ملین کی آبادی پر مشتمل ہیں۔ ٹاؤن شپ اور گاؤں کی صارفی منڈی قومی صارفی منڈی کا 38  فیصد بنتی ہے۔

پوسٹل ایکسپریس انڈسٹری کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دیہات میں ایکسپریس کا بہاؤ تیز ہو رہا ہے۔ قومی بیورو  برائے شماریات کےڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ 2014 سے، دیہی باشندوں کی فی کس کھپت کا سالانہ اضافہ شہری رہائشیوں سے زیادہ رہا ہے ۔اس سال کی تیسری سہ ماہی میں، کھپت  کا اقتصادی ترقی میں 94.8 فیصد حصہ رہا ہے۔ پہلی تین سہ ماہیوں میں، شہری اور دیہی باشندوں کے فی کس کھپت کے اخراجات میں سال بہ سال بالترتیب 8.6  فیصد اور 9.3 فیصد اضافہ ہوا۔  کھپت میں نسبتاً  تیز رفتار اضافہ کاؤنٹی معیشت کی محرک قوت کو ظاہر کرتا ہے۔

 کاؤنٹی معیشت کی ترقی چین میں شہروں اور دیہاتوں کی متوازن ترقی کا ایک نتیجہ ہے، جس سے ترقی کے ثمرات ہر ایک باشندے تک  پہنچتے نظر آتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں، چینی حکومت نے کاؤنٹی کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور کاؤنٹی کے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کروائے ہیں۔ 14 اگست کو، چین نے "کاؤنٹی بزنس کے لیے تین سالہ ایکشن پلان (2023-2025)" جاری کیا، جس میں سپلائی چین، لاجسٹکس اور ڈسٹری بیوشن، اشیاء اور خدمات کی فراہمی  اور زرعی مصنوعات کی فروخت کو مزید فروغ دینے کے اقدامات متعین کیے گئے اور 2025 تک کاؤنٹی کو مرکز اور دیہاتوں کو بنیادی حیثیت دینے والا  دیہی کاروباری نظام وضع کرنے کا ہدف پیش کیا گیا ۔رواں سال چین کی نمبر 1 مرکزی دستاویز میں بھی خاص طور پر نشاندہی کی گئی ہے کہ کاؤنٹی تجارتی نظام کی تعمیر کو جامع طور پر فروغ دیا جائے گا اور نئے تجارتی ماڈل کو فروغ دیا جائے گا۔

ترقی کے عمل میں ہر کاؤنٹی اپنے لیے موزوں ترقیاتی ماڈل کی تلاش کر رہی ہے ۔ کاشتکاری ہو ، تجارت ہو یا سیاحت ،جو صنعت ان کے لیے مناسب ہوتی ہے،اسی کو  توجہ دی جاتی ہے۔مختلف صنعتوں کی ترقی نے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے ہیں اور چھوٹے شہروں کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو واپس اپنے آبائی شہر کی طرف راغب کیا ہے، جو بڑے شہروں میں کام کرتے تھے۔ یہ نوجوان کھپت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ "ماضی میں ہم صرف وہ چیزیں خریدتے تھے جس کی ہمیں اشد ضرورت ہوتی تھی، وقت کے ساتھ ساتھ  ہم مزید  چیزیں بھی خریدنے لگے جو دستیاب ہوتی تھیں، اور اب ہم بہترین کوالٹی کی چیزیں خرید سکتے ہیں ۔" کھپت کے تصورات میں تبدیلیوں سے سپلائی سائیڈ  کےلیے مزید بلند معیار تشکیل پا رہا ہے ،اور یہ مزید اعلیٰ معیار کی  اقتصادی ترقی کی قوت محرک بھی بن رہا ہے۔